Urdu News

عراق کا امن و استحکام ہمارا امن ہے: خلیج تعاون کونسل

عراق کا امن و استحکام ہمارا امن ہے: خلیج تعاون کونسل

قاہرہ،07نومبر(انڈیا نیرٹیو)

خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سکریٹری جنرل نائف الحجرف نے عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی پر قاتلانہ حملے کی کوشش کی مذمت کی ہے۔ مصطفی کاظمی کے گھر کو آج علی الصبح ڈرون طیاروں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا۔اتوار کے روز کونسل کی جانب سے جاری بیان میں الحجرف نے باور کرایا کہ "اس نوعیت کی مجرمانہ کارروائیوں کو یکسر مسترد کیا جاتا ہے جن کے ذریعے عراق کے امن و استحکام کو نشانہ گیا،،، عراق کا امن و استحکام کونسل کے رکن ممالک کا امن و استحکام ہے"۔ انہوں نے عراق اور اس کے عوام کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا۔

دوسری جانب سعودی وزارت خارجہ نے بھی اس بزدلانہ عمل کی شدید مذمت کی ہے جس میں کاظمی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ وزارت خارجہ نے باور کرایا کہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے حوالے سے مملکت،،، عراق کے ساتھ کھڑی ہے۔ادھر مصر نے بھی کاظمی پر ناکام قاتلانہ حملے کی کوشش کو مذموم قرار دیا۔ قاہرہ کے مطابق عراق کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بننے والی ہر چیز کے خلاف مصر بغداد کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ مصر نے تمام عراقی فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور عراق کے امن و استحکام اور خود مختاری کے تحفظ کے واسطے قومی مفاد کو مقدم رکھیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل عراقی جوائنٹ آپریشنز کمانڈ نے اعلان کیا کہ اتوار کو علی الصبح بغداد میں وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی کی رہائش گاہ کو "ڈرون بم" کا نشانہ بنایا گیا۔ اس قاتلانہ حملے کو ناکام بنا دیا گیا اور وزیراعظم کاظمی حملے میں محفوظ رہے۔ انہیں کوئی نق?صان نہیں پہنچا۔بعد ازاں کاظمی نے ایک ریکارڈ شدہ وڈیو پیغام میں تمام عراقیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بزدلانہ میزائلوں اور ڈرون طیاروں سے وطن نہیں بنتے ہیں۔ انہوں نے اپنی خیریت بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔العربیہ اور الحدث نیوز چینلوں نے خصوصی تصاویر جاری کیں جن میں کاظمی کی رہائش گاہ کو پہنچنے والا نقصان ظاہر ہو رہا ہے۔

Recommended