Urdu News

ٹوکیو اولمپکس کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے لوگ جاپان کی سڑکوں پر نکلے

ٹوکیو اولمپکس

ٹوکیو، 23جولائی (انڈیا نیرٹیو)

بالآخرایک سال کے طویل انتظار کے بعد اولمپک کھیلوں کا آغاز 23 جولائی یعنی جمعہ کے روز ہو گیا ہے۔ گزشتہ سال اولمپک کھیلوں کو دنیا بھر میں کورونا کے قہر کی وجہ سے ایک سال کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔ اس سال بھی کورونا کاقہر کم نہیں ہوا ہے، پھر بھی انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے جاپان میں اولمپکس کے انعقاد کا منصوبہ بنایا۔ اب اولمپک کھیل شروع ہوچکے ہیں لیکن ایک طرف جہاں دنیا اولمپک کھیلوں کے جوش و خروش میں ڈوبی ہوئی ہے، وہیں میزبان جاپان کے لوگ اب بھی ان کھیلوں کی مخالفت کر رہے ہیں۔

آج اولمپک کے کچھ کھیلوں کی شروعات ہوچکی ہے، لیکن جاپان کے عوام ٹوکیو کی سڑکوں پر اولمپکس کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔یہاں کے لوگ پچھلے کئی دنوں سے کھیلوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ لوگوں کا مطالبہ ہے کہ اولمپک کھیلوں کو کھلاڑیوں اور مقامی لوگوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے منسوخ کیا جائے لیکن  احتجاج کے باوجود اولمپک کھیلوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ جاپان میں کورونا انفیکشن کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔اس پر لوگوں کا کہنا ہے  کہ دنیا بھر سے کھلاڑی مختلف ممالک سے آئیں گے، جس کی وجہ سے ٹوکیو میں کورونا انفیکشن مزید خطرناک شکل اختیار کرسکتا ہے۔ کورونا کی وجہ سے  اولمپکس کی 125 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا جب اولمپک کھیلوں میں شائقین کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ان مظاہروں کے باوجود، آئی او سی کے سربراہ تھامس باک کو یقین ہے کہ اولمپک کھیل ملک میں کورونا کے  سپر اسپریڈر نہیں بنیں گے۔ اولمپک کے کھیل گاؤں میں، ہر ملک کے کھلاڑیوں اور نمائندوں کو سخت قوانین پر عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے جاپان کے شہنشاہ ناروہیتو سے ملاقات کی اور بتایا کہ منتظمین  ٹوکیو میں کورونا کو پھیلنے نہ دینے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

Recommended