فومیو کشیدا سے کی ملاقات، کہا- ہندوستان اور جاپان کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے
ٹوکیو، 27 ستمبر (انڈیا نیرٹیو)
ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو یہاں جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کی سرکاری آخری رسومات میں شرکت کی۔ وزیر اعظم مودی نے اپنے دوست شنزو آبے کو گلہائے عقیدت پیش کر آخری وداعی دی۔
قبل ازیں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ٹوکیو میں جاپانی وزیراعظم فومیو کشیدا سے دو طرفہ ملاقات کی۔ مودی نے کہا- ‘ہندوستان اور جاپان کی دوستی نے عالمی سطح پر اثر پیدا کرنے میں بہت بڑا کردار ادا کیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ آپ کی قیادت میں ہندوستان اور جاپان کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ ہم دنیا کے مسائل کے حل میں مناسب کردار ادا کر سکیں گے‘۔
جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کی سرکاری تدفین نیپون بڈوکان کمیونٹی سینٹر میں کی گئی۔ وزیر اعظم مودی نے یہاں جاپان کے آنجہانی لیڈر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ شنزو آبے کی سرکاری تدفین ہندوستانی وقت کے مطابق صبح 10:30 بجے (جاپان کے وقت، دوپہر 2 بجے) کی گئی۔ آبے کو 8 جولائی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد خاندان نے 15 جولائی کو شنزو کی آخری رسومات اداکر دی تھیں۔ اس کے بعد، جاپانی حکومت نے 27 ستمبر کو آنجہانی رہنما آبے کی سرکاری تدفین کا اعلان کیا۔
آبے کی آخری وداعی تقریب وزیر اعظم نریندر مودی، امریکی نائب صدر کملا ہیرس، سنگاپور کے وزیر اعظم لی سین لونگ، آسٹریلیائی وزیر اعظم انتھونی البنیز، ویتنام کے صدر گوئین جوان فک، جنوبی کوریا کے وزیر اعظم ہان ڈک سو، فلپائن کی نائب صدر سارہ ڈوٹیرٹے کارپیو، انڈونیشیا کے صدر معروف امین، یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل سمیت 217 ممالک کے تقریباً 700 مندوبین موجود رہے۔
وزیر اعظم فومیو کشیدا، پارلیمنٹ کے اسپیکر ہیرویوکی ہاسودا، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سبورو ٹوکرااور آبے کے قریبی دوست سابق وزیر اعظم یوشیہدے سوگانے ان کی شخصیت پر روشنی ڈالی۔ سب سے پہلے، جاپان کے شاہی خاندان کے ایلچی نے شنزو آبے کو خراج عقیدت پیش کیا۔