وزیر اعظم نریندر مودی پیر کو جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے ٹوکیو روانہ ہو گئے۔ ٹوکیو کے اپنے دورے کے دوران مودی جاپانی وزیر اعظم فومیو کیشیدا سے بھی علیحدہ ملاقات کریں گے۔
وزیر اعظم کے دفتر نے ٹویٹ کیا، “وزیر اعظم مودی ٹوکیو کے لیے روانہ ہو گئے، جہاں وہ جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کی سرکاری آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔
قبل ازیں ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم مودی نے کہا، “میں آج رات سابق وزیر اعظم شنزو آبے کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے ٹوکیو کا دورہ کروں گا، ایک عزیز دوست اور ہند-جاپان دوستی کے عظیم چمپئن۔”
انہوں نے مزید کہا، ” میں تمام ہندوستانیوں کی طرف سے وزیر اعظم کیشید ا اور مسز آبے کے تئیں اپنی دلی تعزیت کا اظہار کرنا چاہتا ہوں۔ ہم مسٹر آبے کے تصور کے مطابق ہندوستان-جاپان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام جاری رکھیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم مودی نے آخری بار مئی میں جاپان کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران انہوں نے وزیر اعظم کشیدا کے زیر اہتمام کواڈ گروپ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی تھی۔
اس میں آسٹریلیا اور امریکہ کے سرکردہ لیڈروں نے بھی شرکت کی۔ مودی نے اس وقت آبے سے علیحدہ ملاقات کی تھی۔
جاپان کے سب سے طویل عرصے تک وزیر اعظم رہنے والے آبے کو 8 جولائی کو مغربی جاپان میں ایک مہم کے دوران قتل کر دیا گیا تھا۔