ریاض،03جولائی(انڈیا نیرٹیو)
سعودی وزارت حج و عمرہ اس وقت منیٰ میں عازمین حج کے قیام کے ٹھکانے تیار کرنے پر کام کر رہی ہے۔ یہ بات وزارت کے ترجمان انجینئر ہشام سعید نے جمعے کے روز بتائی۔
ہشام کے مطابق مقامات مقدسہ میں انتظامی امور اور خیموں کو منظم کرنے کے سلسلے میں چار مرکزی رنگوں کا تعین کیا جائے گا۔ اسی طرح ان مقامات کے محل وقوع کو حجاج کرام کے اسمارٹ کارڈ کے ساتھ مربوط کیا جائے گا۔ ان اقدامات کا مقصد عازمین حج کی نقل و حرکت کو آسان اور منظم بنانا ہے۔
ادھر وزارت حج و عمرہ نے حج سیزن میں ٹور آپریٹنگ کے نظام میں شریک 9 اداروں کو جوائنٹ اسٹاک کمپنیوں میں تبدیل کر دیا ہے۔ حج و عمرہ کے نائب وزیر ڈاکٹر عبدالفتاح بن سلیمان مشاط کے مطابق مذکورہ ادارے اللہ کے مہمانوں کی خدمت کی طویل تاریخ رکھتی ہیں۔ مشاط نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں تمام کمپنیوں کی سبسکرپشن (آئی پی او) نظام کے مطابق شفاف طریقے سے پیش کی گئی۔نائب وزیر نے باور کرایا کہ یہ پیش رفت سرمایہ کاری کے میدان میں تنوع پیدا کرے گی۔ اس مقصد کے لیے انتظامی امور کی اہلیت اور تجربہ رکھنے والے افراد کا تقرر عمل میں آئے گا۔
سعودی شہریوں کے لیے امارات، ایتھوپیا اور ویتنام کے سفر سے پیش تر اجازت لازمی قرار
سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ کرونا وبا کے خطرے کے پیش نظر بعض ممالک کے لیے سفر کو محدود کیا گیا ہے۔ ان ممالک کے سفر کے خواہش مند افراد کو پہلے مجاز حکام سے اجازت لینا ہوگی۔سعودی وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ بیرون ملک سفر کرنے کے خواہش مند شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر اور کوویڈ 19 کی نئی شکل کے پھیلاؤ کے خطرات کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
شہریوں کو جمہوریہ ایتھوپیا، متحدہ عرب امارات، ویتنام اور افغانستان کے سفر سے پہلے مجاز اداروں سے سفر کی اجازت لینا ہوگی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ان ملکوں کے سفر کرنے والے افراد واپسی پر کسی قسم کے کرونا کے پھیلاؤ کا باعث نہ بنیں۔ایتھوپیا، ویتنام، متحدہ عرب امارات اور افغانستان سے آنے والے مسافروں کی سعودی عرب میں داخلے پر پابندی لگائی گئی ہے، تاہم ایسے مسافر جو مملکت میں داخلے سے قبل 14 دن کے قرنطینہ کے عمل سے گذر چکے ہوں انہیں سعودی عرب میں آنے سے نہیں روکا جائیگا۔جن ممالک کے سفر پر پابندی عاید کی گئی ہیان کے لیے فلائٹ آپریشن بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ ان ملکوں سے آنے والے افراد کو ادارہ جاتی قرنطینہ کے عمل سے گذرنا ہوگا۔ایسے شہری جنہوں نے 4 جولائی اتوار رات گیارہ بجے تک کی بکنگ کی ہے، انہیں سعودی عرب آنے کی اجازت ہوگی۔کرونا کے خطرات کا سامنا کرنے والے ممالک کے لیے سعودی عرب کی فضائی سروس اتوار رات گیارہ بجے سے معطل کر دی جائے گی۔