Urdu News

وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر جو بائیڈن کے درمیان کورونا کی صورت حال پر بات چیت

@PMOIndia

وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر جو بائیڈن  کے درمیان کورونا کی صورت حال پر بات چیت

وزیر اعظم نریندر مودی نے کَل امریکی صدر جوبائیڈن کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ دونوں لیڈروں نے دونوں ملکوں میں کووڈ-19 کی ابھرتی ہوئی صورت حال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ تبادلہ خیال میں بھارت کے ذریعے ٹیکہ کاری کی کوششوں میں اضافہ کرنے اور اہم ادویات اور طبی سازوسامان کی سپلائی کو یقینی بنانے کی جاری کوششوں کا بھی احاطہ کیا گیا۔ 

صدر بائیڈن نے بھارت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور اِس بات کا اعادہ کیا کہ امریکہ تشخیصی سازو سامان، وینٹی لیٹر اور کووی شیلڈ ویکسین بنانے کے لیے خام مال کی دستیابی سمیت تیزی سے وسائل کو بروئے کار لاکر بھارت کی کوششوں میں تعاون کے لیے عہد بستہ ہے۔ 

وزیراعظم مودی نے امریکی حکومت کی جانب سے امداد اور تعاون کی پیش کش کی ستائش کی۔ انہوں نے ویکسین میتری کے ذریعے عالمی سطح پر کووڈ-19 وبا کی روک تھام کے لیے بھارت کے عہد اور کوویکس اورQuad کی ویکسین پہل میں اپنی شرکت کا ذکر کیا۔ وزیراعظم نے کووڈ-19 سے متعلق ویکسین، ادویات اور تشخیصی سازو سامان کی تیاری کے لیے ضروری خام مال کی سپلائیChain کو کھلا اور بلا رکاوٹ جاری رکھنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ 

دونوں لیڈروں نے ویکسین تیار کرنے اور کووڈ-19 وبا سے نمٹنے کے لیے ویکسین کی سپلائی میں بھارت-امریکہ ساجھیداری کے امکانات کو اجاگر کیا اور اپنے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اِس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں میں قریبی تعاون اور تال میل برقرار رکھیں۔ 

جناب مودی نے ترقی پذیر ملکوں کے لیے ویکسین اور دیگر ادویات کی تیز اور آسان رسائی کو یقینی بنانے کی خاطر تجارت سے متعلق دانشوارانہ املاک کے حقوق کے پہلوؤں کے معاہدے، TRIPS کے ضابطوں میں نرمی کے لیے عالمی تجارتی تنظیم میں بھارت کے اقدام کے بارے میں جناب بائیڈن کو مطلع کیا۔ 

بات چیت کے بعد ایک ٹوئیٹ میں جناب مودی نے کہاہے کہ امریکی صدر کے ساتھ ان کے تبادلہ خیال میں ویکسین کے خام مال اور ادویات کی بلا رکاوٹ اور موثر سپلائیChainکی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ 

Recommended