نئی دہلی 17 ستمبر 2021: وزیر اعظم نریندر مودی نے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہان مملکت کی کونسل کی 21 ویں میٹنگ میں ورچوئل طور سے شرکت کی اور ویڈیو پیغام کے ذریعہ ایس سی او۔سی ایس ٹی او مشترکہ آؤٹ ریچ اجلاس برائے افغانستان میں حصہ لیا۔
ایس سی او سربراہان مملکت کونسل کی 21 ویں میٹنگ سترہ ستمبر 2021 کو دوشنبہ میں ملے جلے ڈھنگ سے ہوئی تھی۔ میٹنگ کی صدارت تاجکستان کے صدر ایچ ای امام علی رحمان نے کی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ویڈیو لنک کے ذریعہ سربراہ میٹنگ سے خطاب کیا۔ دوشنبہ میں ہندوستان کی نمائندگی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کی۔
وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں وسیع تر SCO خطے میں بڑھتی شدت پسندی اور انتہاپسندی کی وجہ سے درپیش مسائل پر روشنی ڈالی جو اس خطے کی اعتدال پسندی اور ترقی پسند انہ ثقافت اور اقدار کی تاریخ کے منافی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ افغانستان کے حالیہ واقعات اس رجحان کو انتہا پسندی کی جانب تیز تر کرسکتے ہیں۔ انھوں نے صلاح دی کہ SCO اعتدال پسندی اور سائنسی اور متوازن سوچ کو فروغ دینے کے لئے ایک ایجنڈے پر کام کرسکتی ہے جو اس خطے کے نوجوانوں کے لئے خاص طور پر کار آمد ہوگا۔
انھوں نے ترقیاتی پروگراموں میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں ہندوستان کے تجربات پر بھی بات کی اور SCO کے دیگر رکن ممالک کے ساتھ یہ کھلے حل شیئر کرنے کی پیشکش کی۔
خطے میں کنکٹوٹی کے قیام کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ کنکٹوٹی کے پروجیکٹ شفاف ہو، سب کی شمولیت والے ہوں اور صلاح ومشورے پر مبنی ہوں تاکہ آپس میں اعتماد بڑھے۔
SCO سربراہ میٹنگ کے بعد SCO اور مشترکہ سکیورٹی معاہدہ تنظیم (CSTO) کے درمیان افغانستان سے متعلق آؤٹ ریچ اجلاس میں ویڈیو پیغام کے ذریعہ شرکت کی۔
اپنے ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم نے صلاح دی کہ SCO خطے میں دہشت گردی قطعی طورسے برداشت نہ کرنے پر ایک ضابطہ اخلاق تیار کرسکتی ہے اور انھوں نے افغانستان سے منشیات ،ہتھیار اور انسان خرید وفروخت کے خطروں کو اجاگر کیا۔ افغانستان میں انسانی بحران کے بارے میں بات کرتے ہوئے انھوں نے افغان عوام کے ساتھ ہندوستان کی یکجہتی کا اظہار کیا۔