Urdu News

ایران میں مظاہرے،سائبر اسپیس کو مکمل طور پر بندکرنے کا مطالبہ

ایران میں سائبر اسپیس

ایرانی نیوز ایجنسی ’اسنا‘ کے مطابق ایرانی پبلک پراسیکوٹر محمد جعفر منتظری نے ملک میں مظاہروں کے جاری رہنے پر ورچوئل سپیس کو مکمل طور پر بند کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

منتظری نے کہا ہے کہ آج میں انٹرنیٹ کی فلٹرنگ کا مطالبہ کرتا ہوں۔ ہمیں ورچوئل سپیس کو مکمل طور پر بند کر دینا چاہیے، لیکن یہ وہ چیز ہے جسے سسٹم کے اعلیٰ حکام نے منظور نہیں کیا اوریہ کرنا آج ممکن نہیں ہے۔

منتظری نے کہا کہ سابق حکومت کی سب سے بڑی خیانت یہ تھی کہ اس نے سائبر سپیس کے حوالے سے سپریم لیڈر کے احکامات کی حکم عدولی کی تھی، رہبر معظم کی جانب سے ورلڈ وائڈ ویب کو ثقافتی حملہ قرار دیا گیا تھا۔

انہوں نے حسن روحانی کی حکومت پر سائبر سپیس میں سستی برتنے کا الزام لگایا۔دریں اثنا ایران میں جمعہ کو ہزاروں بلوچوں نے اپنے رہنما مولوی عبدالحمید اسماعیل زہی کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا جس کا جواب ایرانی سیکورٹی فورسز نے ان پر گولیوں کی بوچھاڑ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی صورت میں دیا۔

جمعہ کے روز ایرانی صوبے سیستان بلوچستان میں خواتین نے مہسا امینی کی موت کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں میں وسیع پیمانے پر شمولیت اختیار کی۔ انسانی حقوق کے گروپوں نے کہا کہ قدامت پسند علاقے میں اس طرح خواتین کا نکل آنا نایاب ہے۔

انٹرنیٹ پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں صوبائی دارالحکومت زاہدان میں درجنوں خواتین کو دکھایا گیا جنہوں نے ستمبر کے وسط میں شروع ہونے والی احتجاجی تحریک کے سب سے نمایاں نعروں میں سے ایک نعرے “عورت، زندگی، آزادی” کے بینرز اٹھا رکھے تھے۔

Recommended