Urdu News

پشپا کمل دہل پرچنڈ ہوں گے نیپال کے نئے وزیر اعظم،صدر نے کی تقرری

پشپا کمل دہل پرچنڈ ہوں گے نیپال کے نئے وزیر اعظم

نیپال میں اتوار کوتیزی سے بدلے سیاسی  حالات کے بعد نئی حکومت کے قیام کا راستہ صاف ہو گیا۔ صدر بدیا دیوی بھنڈاری نے سی پی این (ماؤسٹ سینٹر) کے چیئرمین پشپا کمل دہل کو نیپال کا وزیر اعظم مقرر کیا ہے۔ دہل کو اولی کی قیادت والی سی پی این۔ یو ایم ایل کی حمایت حاصل ہے۔ وہ پیر کی شام حلف اٹھائیں گے۔

صدر کے دفتر کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ دہل پیر کو شام 4 بجے اپنے عہدے کا حلف لیں گے۔ پشپا کمل دہل پرچنڈ نے ارکان پارلیمنٹ کی حمایت کا خط بھی نیپال کی صدر بدیا دیوی بھنڈاری کو سونپا ، جس پر 165 ارکان پارلیمنٹ کے دستخط ہیں جو کہ اکثریت کے لیے پراچنڈا کی حمایت کر رہے ہیں۔

دہل کو 169 ارکان کی حمایت حاصل ہے، جن میں  سی پی این۔یو ایم ایل کے 78 ، ان کی اپنی ماؤسٹ سینٹر پارٹی کے 32 اور راشٹریہ سواتنتر پارٹی کے 20 ، راشٹریہ پرجاتنتر پارٹی کے 14 ، جنتا سماج وادی پارٹی کے 12 ، جنمت کے چھ ارکان شامل ہیں۔

نیپال کی صدر بدیا دیوی بھنڈاری نے اتوار کو شام 5 بجے تک تمام جماعتوں کو وزیر اعظم کے عہدے کے لیے دعویٰ کرنے کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ آج دوپہر، سی پی این (ماؤسٹ سینٹر) کے صدر پشپا کمل دہل پرچنڈ ناراض ہو کر میٹنگ سے واک آؤٹ کر گئے اور اتحاد سے علیحدگی کا اعلان کیا۔

اس کے بعد دہل نے کے پی شرما اولی کی پارٹی سی پی این -یو ایم ایل سے ہاتھ ملایا۔ مرکز میں نئی حکومت کے قیام کے ساتھ ہی ساتوں جماعتوں کا نیا اتحاد ساتوں صوبوں میں بھی حکومت بنانے کی طرف بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔

Recommended