Urdu News

قطر کی ثالثی سے اسرائیل کا تل ابیب سے غزہ تک گیس پائپ لائن منصوبہ

قطر کی ثالثی سے اسرائیل کا تل ابیب سے غزہ تک گیس پائپ لائن منصوبہ


قطر کی ثالثی سے اسرائیل کا تل ابیب سے غزہ تک گیس پائپ لائن منصوبہ 

دوحہ،15فروری(انڈیا نیرٹیو)

قطر، یورپی یونین اور اقوام متحدہ کی کوشش سے اسرائیل نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کو گیس کی سپلائی شروع کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ اسرائیل نے غزہ کی پٹی تک گیس پائپ لائن بچھانے کے منصوبے پر دستخط کردیے ہیں جس کے بعد غزہ میں قائم گیس کے واحد پلانٹ کو چلانے کے لیے گیس کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔

اس منصوبے کی تکمیل پر چند سال کا عرصہ لگ سکتا ہے۔ اس کا مقصد فلسطینی علاقے میں بجلی اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا ہے۔ اسرائیل کے موقر عبرانی اخبار’یدیعوت احرونوت‘کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تل ابیب غزہ کی پٹی کو روزانہ 120 میگاواٹ بجلی فروخت کررہا ہے۔

 اس کے علاوہ غزہ کی پٹی میں ڈیزل سے بجلی تیار کرنے والا پلانٹ روزانہ 90 میگا واٹ بجلی پیدا کرتا ہے۔ غزہ کی پٹی میں 30 میگاواٹ بجلی شمسی توانائی منصوبوں سے حاصل کی جاتی ہے۔اس وقت غزہ کی پٹی کو مجموعی طور پر 240 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے جب کہ غزہ میں بجلی کی یومیہ ضرورت 500 میگاواٹ ہے۔

فلسطین کے لیے قطر کے مندوب محمد العمادی نے ایک بیان میں اسرائیل کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کی تصدیق کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ معاہدے کے دو حصے ہیں۔ ایک حصہ فلسطینی اتھارٹی کو گیس کی فروخت ہے اور دوسرے میں تل ابیب سے غزہ تک گیس پائپ لائن بچھانے کا منصوبہ شامل ہے۔

اس منصوبے پر یورپی یونین نے 5 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے جب کہ فلسطینی علاقوں میں قطر سرمایہ کاری کرے گا اور اسرائیل میں آنے والے علاقے میں اسرائیل کی سرمایہ کاری بھی شامل ہے۔ 

Recommended