کیف،25مارچ
یوکرین میں روسی حملے جاری ہیں ۔ اس بیچ یوکرین کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ماسکو 9 مئی تک جنگ ختم کرنا چاہتا ہے۔کیو انڈیپنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق یوکرین کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کے انٹیلی جنس ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی فوجیوں کو کہا جا رہا ہے کہ جنگ 9 مئی تک ختم ہو جانی چاہیے۔
روس میں اس تاریخ کو بڑے پیمانے پر نازی جرمنی پر فتح کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔دریں اثنا، یوکرین نے ماسکو پر اپنے لاکھوں شہریوں کو زبردستی روس لے جانے کا الزام لگایا، اور دعویٰ کیا کہ ان میں سے کچھ کو "یرغمال" کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے تاکہ کیف پر جنگ ترک کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا سکے۔
یوکرین کی محتسب لیوڈمیلا ڈینیسووا نے کہا کہ 84,000 بچوں سمیت 402,000 افراد کو ان کی مرضی کے خلاف گرفتار کیا گیا ہے۔کریملن نے تقریباً ایک جیسی تعداد بتائی لیکن کہا کہ وہ لوگ روس جانا چاہتے ہیں۔دوسری طرف، امریکی صدر جو بائیڈن اور مغربی اتحادیوں نے یوکرین کے لیے نئی پابندیوں اور انسانی امداد کا وعدہ کیا ہے لیکن ان کی پیشکش زیادہ مضبوط فوجی امداد سے کم رہی جیسا کہ صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ایک ویڈیو اپیل میں کہا تھا۔