Urdu News

روس نے شروع کیا یوکرین کے شہروں پر قبضہ، بردیانسک اور کھیرسان پر لہرایا روسی پرچم

روس نے شروع کیا یوکرین کے شہروں پر قبضہ

کیو، 02 مارچ (انڈیا نیرٹیو)

کسی بین الاقوامی دباؤ کے سامنے جھکے بغیر روس کا یوکرین پر تابڑ توڑ حملہ جاری ہے۔ اب روس نے یوکرین کے شہروں پر قبضہ کرنا شروع کر دیا ہے۔ بندرگاہ شہر بردیانسک کے بعد اب روس نے شہر کھیرسان پر اپنا جھنڈا لہرا دیا ہے۔

یوکرین پر حملے کے ساتویں روز روس نے کھیرسان شہر پر قبضے کا اعلان کر دیا۔ اس سے قبل روسی فوج نے بندرگاہ شہر بردیانسک پر قبضے کا اعلان کیا تھا۔ بردیانسک ازوف پر کریمیا کے شمال مغرب میں واقع ہے۔جزیرہ نما کریمیا کے شمال میں واقع اس شہر کی آبادی 2.8 لاکھ ہے۔ کریمیا پر 2014 میں روس نے قبضہ کر لیا تھا۔ روس نے اتوار کو ہی کھیرسان شہرکو گھیرنے کی بات کہہ دی تھی۔

کھیرسان کے میئر ایگور کولیکھائیف نے کہا کہ روسی فوج نے ریلوے اسٹیشن اور کھیرسان ندی کے بندرگاہ پر قبضہ کر لیا ہے۔ روسی فوجیوں کی شہر کے سینٹرل چوک پر موجودگی اور رات کے وقت شہر کی مرکزی عمارت کے قریب لڑائی کی بھی تصدیق ہو گئی ہے۔

کھیرسان کی سڑکوں پر بڑی تعداد میں روسی ٹینک گھوم رہے ہیں اور مقامی شہری خوفزدہ ہیں۔ میئر نے کہا کہ وہ اپنے شہر کے لوگوں کی زندگی اور حفاظت کی ذمہ داری لیتے ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ گھر سے باہر نہ نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے لوگوں کی جانیں سب سے زیادہ قیمتی ہیں۔ یہ ایک جنگ ہے اور کھیرسان کبھی یوکرین کو نہیں چھوڑے گا۔

Recommended