Urdu News

روس۔ یوکرین جنگ: یوکرین کے کئی شہروں میں فضائی حملے کا انتباہ

روس۔ یوکرین جنگ: یوکرین کے کئی شہروں میں فضائی حملے کا انتباہ

یوکرین کا دعویٰ،3500روسی مارے گئے، 14جہاز اور8ہیلی کاپٹر تباہ، روس کا دعویٰ یوکرین کے821فوجی ٹھکانے تباہ، کئی اپارٹمنٹ تباہ

یوکرین پر روس کے حملے کے تیسرے دن یوکرین کے کئی شہروں میں فضائی حملے کا انتباہ دیا گیا ہے۔ وہیں روس اور یوکرین دونوں طرف سے ایک دوسرے کو نقصان پہنچائے جانے کے دعوے کئے جارہے ہیں۔ ان دعووں کے درمیان یوکرین حکومت نے ہوائی حملوں کے امکانات کے پیش نظر محفوظ مقامات پر جانے کا مشورہ دیا ہے۔اس درمیان لڑائی میں ہوئے نقصانات کو لے کر دونوں طرف سے دعوے کئے جارہے ہیں۔ روس کی طرف سے کہا گیا ہے کہ روسی فوج نے یوکرین کے821فوجی ٹھکانوں کو تباہ کردیا ہے۔ ان حملوں میں یوکرین کی راجدھانی کیف کے کئی اپارٹمنٹ تباہ ہوگئے ہیں۔ حملہ مسلسل جاری ہے۔ ادھر یوکرین کے وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین کی افواج زبردست مقابلہ کررہی ہے۔ یوکرین نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین کے فوجیوں نے3500سے زیادہ روسی اہلکاروں کو موت کے گھاٹ اتاردیا ہے جبکہ دو سو سے زیادہ کو خودسپردگی کرنے پر مجبور کردیا ہے۔ ساتھ ہی یوکرین نے روس کے 14جہاز،8ہیلی کاپٹر،102ٹینک اور536بکتر بند کاریں تباہ کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

دوسری جانب یوکرین میں آج ہفتے کے روز روس کے فوجی آپریشن کا تیسرا روز ہے۔ دن کی ابتدا میں ہی دارالحکومت کیف پر پھر سے بم باری کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ شہر کے وسط میں واقع فریڈم اسکوائر پر فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔ اس دوران میں غیر ملکی سفارت خانوں نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور پناہ گاہوں کے قریب رہیں۔ یوکرین کے شہریوں پر بھی زور دیا جا رہا ہے کہ وہ بم باری سے بچنے کے لیے پناہ گاہوں کا رخ کریں۔ذرائع کے مطابق دارالحکومت کیف میں انٹرنیٹ سروس منقطع ہو گئی ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کیف میں لوٹ مار کی کارروائیاں ہو رہی ہیں۔ ساتھ ہی غذائی اشیاء بالخصوص روٹی کی کمی دیکھی جا رہی ہے۔یوکرین کی قومی سلامتی کی کونسل کے مطابق کیف کی صورت حال کنٹرول میں ہے۔ کونسل نے باور کرایا کہ دارالحکومت فوج اور مقامی آبادی کے کنٹرول میں ہے۔یوکرین کی خبر رساں ایجنسی "انٹرفیکس" نے بتایا ہے کہ روسی فوجی شہر میں بجلی کے ایک پاور اسٹیشن پر قبضے کی کوششوں میں ہیں۔

ایک امریکی سینئر دفاعی ذمے دار نے جمعے کے روز بتایا کہ روس کو یوکرین کی جنگ میں توقع سے زیادہ مزاحمت کا سامنا ہے۔ مزید یہ کہ یوکرین کی فوج کے زیر انتظام کنٹرول سینٹروں کو "نقصان نہیں پہنچا"۔ادھر روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اس نے ہتھیاروں کی ایک بڑی مقدار برآمد کر لی ہے جو مغربی ممالک نے یوکرین کو بھیجی تھی۔ وزارت کے مطابق روسی فوج نے یوکرین کے عسکری انفرا اسٹرکچر کے زیر انتظام 211 تنصیبات کو تباہ کر دیا۔ تباہ ہونے والی تنصیبات میں کمانڈ اینڈ کمیونی کیشن کے 17 مراکز، ایس – 300 کے 19 سسٹم اور 39 ریڈار شامل ہیں۔

Recommended