سعودی عرب کی مشکوک غیرملکی تنظیموں کو مالی عطیات دینے پردوبارہ وارننگ
ریاض،18جون(انڈیا نیرٹیو)
سعودی عرب کی اسٹیٹ سیکورٹی نے نامعلوم بیرونی گروپوں کو عطیات بھیجنے سے متعلق انتباہ کی تجدید کرتے ہوئے ’ٹویٹر‘ ویب سائٹ پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ کے ذریعے زور دیا ہے کہ نامعلوم غیرملکی تنظیموں کو جو عطیات بھیجنے کے بجائے مملکت کے بیرون ملک فلاحی مشن میں حصہ ڈالا جائے۔
اس سے قبل اسٹیٹ سیکورٹی کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری بیرون ملک کسی بھی ایسے ادارے، فرد یا تنظیم کوعطیات نہیں دے سکتے جو مشکوک سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہوں۔ حکومت نے شہریوں پر زور دیا تھا کہ وہ سرکاری سطح پر منظور شدہ شاہ سلمان سنٹر برائے ریلیف کے ذریعے اندرون اور بیرون ملک فلاحی پروگراموں کے لیے عطیات دیں اور غیر مجاز اور مشکوک اداروں کو فنڈز کی فراہمی سے اجتناب کریں۔
عرب فٹ بال فیڈریشن کے لیے سعودی ولی عہد کا 50 لاکھ ریال کی گرانٹ کا اعلان
شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے اعلان کیا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز نے عرب فٹ بال ایسوسی ایشن کی مدد کے لیے سالانہ 50 لاکھ سعودی ریال فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔شہزادہ عبد العزیز نے جدہ میں جمعرات کو منعقدہ عمومی مجلس میں کہا کہ عرب فٹ بال یونین کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اس کے پروگراموں کی مدد کی خاطر 50 لاکھ ریال کی رقم فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ سعودی ولی عہد محمدبن سلمان سعودی عرب کا انحصار تیل کے اوپر سے کم کرنے کی مسلسل کوشش کررہے ہیں۔ اس لیے ان کی کوشش ہے کہ سعودی عرب میں کھیل اور سیاحت کو زبردست فروغ دیا جائے۔اس کے پیش نظر انہوں نے عرف فٹ بال ایسوسی ایشن کی مدد کے لیے سالانہ50لاکھ سعودی ریال فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔