Urdu News

سعودی عرب نے کورونا وباکے پیشِ نظر غیرملکی عازمین کے لیے حج کی ادائیگی منسوخ کردی

کعبہ شریف، مکہ معظمہ

سعودی عرب نے کورونا وباکے پیشِ نظر اِس سال غیرملکی عازمین کے لیے حج کی ادائیگی منسوخ

سعودی عرب نے کووڈ انیس عالمی وبا کے مدِنظر اس سال غیر ملکی عازمین حج کو، حج کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے نتیجے میں بھارت کی مرکزی حج کمیٹی نے بھی اس سال حج سے متعلق درخواستیں منسوخ کر دی ہیں۔ سعودی عرب حکومت نے صرف اپنے شہریوں اور ملک میں مقیم لوگوں کو محدود تعداد میں حج ادا کرنے کی اجازت دی ہے۔

’حج 2021‘ کی سبھی درخواستیں منسوخ،سعودی حکومت کے اعلان کے بعد فیصلہ

سعودی حکومت کے ذریعہ چندروز قبل صرف مقامی شہریوں کو حج 2021 کی اجازت دینے کے اعلان کو پیش نظر رکھتے ہوئے حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2021 کے لیے جمع کردہ سبھی درخواستوں کو آج منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایکزیکٹیو افسر مقصود علی خان نے جاری ایک اعلامیہ میں کہاکہ سعودی حکومت نے امسال عالمی سطح پر حج کے انعقادنہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،اس لیے ہندوستان میں موصولہ حج کی تمام درخواستیں منسوخ کی جاتی ہیں،گزشےہ سال کی طرح اس مرتبہ بھی کوروناوبا کے پیش نظر یہ قدم اٹھانا پڑرہاہے۔

قابل ذکر ہے کہ سعودی حکومت نے کورونا بحران کی وجہ سے گزشتہ سال کی طرح امسال بھی کسی دوسرے ممالک کے شہری کو حج کرنے کی اجازت نہیں دی ہے۔اس بار تقریباً 60 ہزار مقامی باشندوں کو ہی حج کی سعادت نصیب ہوگی اور اس کے لیے بھی کئی طرح کے شرائط و ضوابط طے کیے گئے ہیں۔

بتایاجاتا ہے کہ 2021 ء جسے سعودی عرب نے اپنے شہریوں اور مملکت میں موجود تارکین وطن کے لیے محدود کردیا ہے، اُس کے لیے انٹرنیٹ رجسٹریشن کی شروعات کے اندرون چند گھنٹے 4 لاکھ 50 ہزار درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔تاہم ، سعودی وزارت اُمور حج نے پہلے ہی اعلان کردیا تھا کہ حج 2021 ء کے لیے 60 ہزار عازمین کی درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ اب تقریباً ہر 8 درخواستوں میں سے ایک کو قبول کرنا ہوگا جس کا فیصلہ قرعہ اندازی کے ذریعہ کیا جائے گا۔

 کورونا وائرس وبا کے سبب لگاتار دوسرے سال سعودی حکومت نے بیرونی شہریوں کو حج کی اجازت نہیں دی ہے۔ البتہ سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین کو کسی محرم کے بغیر حج کے لیے درخواست داخل کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ چنانچہ وصول شدہ 4.5 لاکھ درخواستیں میں 40 فیصد خواتین شامل ہیں۔ اِس مرتبہ بھی حج کو صرف 18 سال اور 65 سال کے درمیان کی عمر والوں کے لیے محدود کیا گیا ہے اور اُن تمام کا کوویڈ ویکسین لیا ہوا ہونا ضروری ہے۔

 اِس کے علاوہ تمام عازمین حج کو مکمل صحت یابی کی صورت میں ہی حج کی اجازت دی جائے گی۔ متعلقہ وزارت نے 3 حج پیاکیجس کا اعلان کیا ہے۔ پہلی کٹیگری میں 12,113 ریال کی لاگت آئے گی، دوسری کٹیگری کے لئے 14,381 ریال خرچ ہوں گے اور تیسرا زمرہ سب سے مہنگا ہے جس کے لیے عازم حج کو ٹیکس چھوڑ کر 16,560 ریال کے مصارف برداشت کرنے ہوں گے۔ گزشتہ سال صرف ایک ہزار عازمین نے حج کی سعادت حاصل کی تھی اور وہ تمام سعودی شہری یا سلطنت میں موجود تارکین وطن تھے۔ سعودی عرب بھی کورونا وائرس سے متاثر رہا لیکن گزشتہ سال کے مقابل اِس باروباء پر سلطنت میں بڑی حد تک قابو پایا جاچکا ہے۔سعودی حکام نہیں چاہتے کہ بیرونی شہریوں کی آمد سے وباء کو دوبارہ پھیلنے دیا جائے۔

Recommended