ریاض ،12 ستمبر
وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اتوار کو یہاں وزارت کے ہیڈ کوارٹر میں ہندوستان کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کا استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران انہوں نے دونوں دوست ممالک اور عوام کے درمیان تاریخی اور مضبوط تعلقات کا جائزہ لیا۔ وزرا نے مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور میں مشترکہ کام کو مزید بڑھانے اور دو طرفہ رابطہ کاری کے پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔
ان کی بات چیت میں ان تمام پہلوؤں پر غور کیا گیا جو بین الاقوامی امن اور سلامتی کو فروغ دیں گے۔
اس استقبالیہ میں نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور اور ہندوستان میں سعودی عرب کے سابق سفیر ڈاکٹر سعود الساطی اور ہندوستان میں سعودی عرب کے سفیر صالح الحسینی نے شرکت کی۔
شہزادہ فیصل بن فرحان اور جے شنکر نے سعودی ہندوستان اسٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل کی سیاسی، سیکورٹی، سماجی اور ثقافتی کمیٹی کی وزارتی میٹنگ کی مشترکہ صدارت بھی کی۔ملاقات میں ہونے والی بات چیت میں مملکت کے وژن 2030 کی روشنی میں دونوں دوست ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
اجلاس میں ذیلی کمیٹیوں کے اجلاسوں کے نتائج کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں فریقوں نے سیاست، سلامتی اور ثقافتی اور سماجی امور کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے اختتام پر شہزادہ فیصل اور جے شنکر نے وزارتی کمیٹی کے اجلاس کے منٹس پر دستخط کیے۔
سعودی کی جانب سے اجلاس میں ڈاکٹر سعود الساطی اور صالح الحسینی نے شرکت کی جب کہ ہندوستانی حکام میں ہندوستانی وزارت میں قونصلر، پاسپورٹ، ویزا اور سمندر پار ہندوستانی امور کے سیکرٹری ڈاکٹر اوصاف سعید شامل تھے۔