واشنگٹن،09 مئی(انڈیا نیرٹیو)
امریکی محکمہ خارجہ نے پیر کے روز کہا ہے کہ سعودی عرب خطے میں ہمارے سب سے اہم شراکت داروں میں سے ایک ہے۔ خطے میں واشنگٹن اور ریاض کے مشترکہ سلامتی اور اقتصادی مفادات موجود ہیں۔
ایک مشترکہ بیان میں ریاستہائے متحدہ امریکہ اور سعودی عرب نے جدہ میں ہفتے کے روز سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے نمائندوں کے درمیان لڑائی کو روکنے کے لیے ابتدائی مذاکرات کے آغاز کا خیرمقدم کیا۔ خیال رہے سوڈان میں فوج اور آر ایس ایف کے درمیان 15 اپریل سے لڑائی چل رہی ہے۔
واشنگٹن اور ریاض نے 6 مئی کو سعودی وزارت خارجہ کی طرف سے شائع ایک بیان میں دونوں فریقوں پر زور دیا کہ وہ چند اہداف کے حصول کے لیے بات چیت میں سنجیدگی سے حصہ لیں۔ ان اہداف میں ایک مؤثر قلیل مدتی جنگ بندی کا حصول، ہنگامی انسانی امداد کی سہولت کے لیے کام کرنا، بنیادی خدمات کی بحالی اور مذاکرات کے لیے ٹائم ٹیبل ترتیب دینا شامل ہو۔
سعودی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ مذاکرات کے دونوں فریقوں نے سوڈان میں شہریوں کے تحفظ اور انسانی ہمدردی کے کاموں میں سہولت فراہم کرنے کے عزم کے اعلان کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے عندیہ دیا کہ دونوں فریقوں کے درمیان مذاکرات آنے والے دنوں میں جاری رہیں گے۔ ایک موثر اور عارضی جنگ بندی تک پہنچنے کی امید ہے تاکہ ضرورت مندوں تک انسانی امداد پہنچائی جا سکے۔ توقع ہے کہ جدہ میں ’’سعودی امریکی اقدام‘‘ پر ہونے والی یہ بات چیت اگلے دنوں میں ایک مؤثر جنگ بندی تک پہنچ سکے گی۔