Urdu News

سعودی واٹر کمپنی کا حج سیزن میں تیاریوں کی تکمیل کا اعلان

مکہ معظمہ

سعودی واٹر کمپنی کا حج سیزن میں تیاریوں کی تکمیل کا اعلان

ریاض،14جولائی(انڈیا نیرٹیو)

سعودی عرب کی قومی واٹر کمپنی نے حج سیزن برائے 1442ھ کے دوران اپنے آپریشنل اور تکنیکی منصوبوں کی تیاریوں کی تکمیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی حج کے موقعے پر اللہ کے مہمانوں کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔کمپنی نے وضاحت کی کہ کرونا وبا کے پیش نظر کارکنوں اور عملے کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے اور متعلقہ حکام کی ہدایات اور ایس اوپیز پر سختی کے ساتھ عمل درآمد کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

واٹر سپلائی کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کے منصوبے میں پانی کی ضروری مقدار فراہم کرنے پر توجہ دی گئی ہے تاکہ حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ اور مقدس مقامات پرحجاج کرام کو پانی کے حصول میں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کھارے پانی کو فلٹر کے ذریعے صاف کرنے کے لیے متعدد پروجیکٹ لگائے گئے ہیں۔

حج سیزن پر مجموعی طور پر آپریشنل اور اسٹریٹجک واٹر اسٹوریج کی مقدار 2.4 ملین مکعب میٹر ہے۔اس کے علاوہ واٹر سپلائی کمپنی نے جدید تکنیکی وسائل کے ذریعہ حجاج کو اپنی خدمات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ کمپنی کی طرف سے حج سیزن پر اسمارٹ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔ حجاج کو پانی ذخائر اور ٹوائلٹس کے بارے میں معلومات کے حصول کے لیے ’ترویہ‘ ایپ متعارف کرائی گئی ہے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ حج سیزن میں فائر فائٹنگ نیٹ ورکس کو تیار رکھا گیا ہے جب کہ منیٰ کے مقام پر کولنگ نیٹ ورک کو فعال کیا گیا ہے۔کمپنی نے یہ بھی واضح کیا کہ اس کا تکنیکی نظام تربیت یافتہ انسانی کیڈروں کے ذریعہ چلتا ہے جو پیشہ وارانہ بنیادوں پر اس کا نظم و نسق چلا رہا ہے۔

Recommended