Urdu News

سوڈان میں سیکورٹی فورسز کی مظاہرین پر فائرنگ، 15 افراد ہلاک

سوڈان میں سیکورٹی فورسز کی مظاہرین پر فائرنگ، 15 افراد ہلاک

سوڈان میں سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔میڈیا ذرائع کے مطابق   سوڈان میں فوجی بغاوت کے خلاف مظاہرین کی جانب سے احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا، مظاہرین نے فوجی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور فوجی بغاوت کے نتیجے میں گرفتار افراد کی رہائی سمیت ملک میں جمہوری حکومت کی بحالی پر زور دیا تاہم سیکیورٹی فورسز سے جھڑپوں کے نتیجے میں متعدد افراد مارے گئے۔

دارالحکومت خرطوم سمیت دیگر علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے پہلے موبائل سروس معطل کی اور پھر مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کے ساتھ براہ راست فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، سوڈانی سیکیورٹی فورسز نے ابھی تک واقعہ سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

دوسری جانب امریکہ نے مظاہرین پر تشدد کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے سوڈان کی فوجی قیادت پر تمام قیدیوں کو رہا کرنے اور جمہوری حکومت کی بحالی پر زور دیا ہے۔

Recommended