Urdu News

اپنی بہترین اداکاری کے لیے 5 بار نیشنل ایوارڈ جیت چکی ہیں شبانہ اعظمی

مشہور فلمی اداکارہ اور تھیئٹر آرٹسٹ شبانہ اعظمی

برتھ ڈے اسپیشل 18 ستمبر

مشہور فلمی اداکارہ اور تھیئٹر آرٹسٹ شبانہ اعظمی 18 ستمبر 1950 کو حیدرآباد میں پیدا ہوئیں۔ شبانہ کے والد مرحوم کیفی اعظمی ایک مشہور شاعر اور نغمہ نگار تھے اور ان کی والدہ شوکت اعظمی  انڈین تھیئٹر کی فنکار تھیں۔

شبانہ کو اداکاری کا ہنر اپنی والدہ شوکت سے وراثت میں ملا۔ شبانہ نے اپنی تعلیم ممبئی سے ہی مکمل کی۔ اس کے بعد انہوں نے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا، پونے سے اداکاری کی تعلیم حاصل کی۔

 اس کے بعد شبانہ نے اداکاری کی دنیا میں اپنا کیرئیر بنانا شروع کیا۔ شبانہ کی پہلی فلم ‘انکور’ تھی جو 1974 میں ریلیز ہوئی تھی۔ فلم میں شبانہ کی اداکاری کو خوب سراہا گیا اور فلم میں ان کی شاندار اداکاری پر انہیں بہترین اداکارہ کا نیشنل فلم ایوارڈ دیا گیا۔ اس فلم سے شبانہ اعظمی بالی ووڈ میں اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہوگئیں۔

اس فلم کے بعد شبانہ ایک کے بعد ایک کئی فلموں میں اداکاری کرتی نظر آئیں۔ جب شبانہ کا کیرئیر بالی ووڈ میں کامیابی کی بلندیوں پر تھا تو انہوں نے 1984 میں مشہور شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر سے شادی  کر لی۔

 شبانہ اعظمی بالی ووڈ کی ایک معروف اداکارہ ہیں، جنہوں نے اپنی شاندار اداکاری سے ناظرین کے دل جیت لیے۔ شبانہ اعظمی کا شمار بالی ووڈ کی سب سے باصلاحیت اور بولڈ اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے۔

Recommended