Urdu News

رفاہی کاموں کے لیے شاہ سلمان کا 2 اور شہزادہ محمد کا ایک کروڑ ریال کا عطیہ

Shah Salman and Prince Muhammad

رفاہی کاموں کے لیے شاہ سلمان کا 2 اور شہزادہ محمد کا ایک کروڑ ریال کا عطیہ

ریاض،18اپریل(انڈیا نیرٹیو)

سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے رفاہی اور خیراتی کاموں سے متعلق پلیٹ فارم’احسان‘ کے لیے 2 کروڑ ریال پیش کیے ہیں۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی سرکاری سطح پر قائم پلیٹ فارم کے لیے ایک کروڑ ریال کا عطیہ پیش کیا ہے۔پلیٹ فارم کو گذشتہ ماہ مارچ میں متعارف کرایا گیا تھا۔ اس کا مقصد مملکت میں فلاحی اور خیراتی کاموں کو منظم کرنے اور اس حوالے سے وزارت داخلہ، وزارت انصاف، وزارت خزانہ، وزارت صحت، وزارت دیہی امور و ہاؤسنگ، وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود اور وزارت تعلیم کے ساتھ ساتھ ریاستی امن، مرکزی بینک اور حکومتی ڈیجیٹل کمیشن کی کوششوں کو یکجا کرنا ہے۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق مملکت میں ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس 'سدایا' کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ بن شرف الغامدی نے فلاحی اور رفاہی کاموں کے لیے خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کی جانب سے ان عطیات کو گراں قدر قرار دیا۔ انہوں نے مملکت کی طرف سے فلاحی سرگرمیوں کو منظم کرنے میں تعاون کرنے پر مملکت کی دانش مند قیادت کا شکریہ ادا کیا۔الغامدی کے مطابق فلاحی کاموں کے میدان میں سعودی عرب عالمی سطح پر قائدانہ پوزیشن کا حامل ہے۔ اس میدان میں توجہ کی تاریخ مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز بن عبدالرحمن آل سعود کے دور سے وابستہ ہے۔ یہ سلسلہ موجودہ فرماں روا اور ولی عہد تک پہنچ گیا۔

پلیٹ فارم’احسان‘ کا مقصد مملکت میں ترقیاتی منصوبوں کی سپورٹ کرنا اور انہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے قیام سے فلاحی اور رفاہی کاموں پر حکومت کی اجارہ داری کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔’احسان‘ کے پلیٹ فارم پر بہت سے خدماتی پروگرام مہیا کیے گئے ہیں۔ یہ پلیٹ فارم ملک میں رفاہی اور غیر منافع بخش اداروں اور معاشرتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔

سعودی عرب :علماکی زکوٰة اور صدقات غیر مجاز افراد کو دینے پر تنبیہ

سعودی عرب میں مساجد کے آئمہ اور خطیبوں نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ رمضان المبارک کے دوران زکوة، صدقات اور فطرانہ کی رقم نامعلوم افراد کو دینے کے بجائے صرف مجاز اداروں کو دیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کی زکاہ اور فطرانے کی رقم خطرناک عناصر کے ہاتھ نہیں لگ رہی ہے۔مملکت کی مساجد میں آئمہ کرام نے ماہ صیام میں زکوةاور صدقات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک مسلمان کو زکوة ادا کرنے یا صدقات و فطرانہ ادا کرتے وقت سوچ سمجھ کر قدم اٹھانا چاہیے۔ بہتر ہے کہ شہری زکوٰة اور صدقات کی ادائی کے لیے حکومت کی طرف سے پیش کردہ احسان’فرجت‘اور 'جود للاسکان' جیسی ایپس کا استعمال کریں تاکہ ان کے صدقات اور خیرات کی رقم مستحق افراد تک پہنچانے میں مدد ملے۔

قبل ازیں سعودی عرب کے وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے ایک نوٹس جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ بعض نامعلوم لوگ انٹرنیٹ کے ذریعے فنڈ ریزنگ کر رہے ہیں۔ ایسے لوگ سعودی عرب میں شہریوں سے زکوة اور فطرانے کی رقوم حاصل کرنے کی تلاش میں ہیں۔ اس لیے شہری زکوٰة اور فطرانے سمیت کسی قسم کے صدقات کی ادائیگی کے وقت اس بات کو یقینی بنائیں کہ رقم کسی غیر مجاز شخص کے ہاتھ میں نہ لگے۔

Recommended