بیجنگ، 2 نومبر (انڈیا نیرٹیو)
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر چین پہنچ گئے ہیں۔ وہاں انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پی ای سی) کو مضبوط بنانے کے لیے چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
جن پنگ حال ہی میں تیسری بار چین کے صدر بنے ہیں۔ جن پنگ کے تیسری بار صدر بننے کے بعد شہباز چین کا دورہ کرنے والے پہلے سربراہ مملکت ہیں۔ شہباز نے بیجنگ پہنچ کر جن پنگ سے ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی جس کے بعد چین پاکستان اقتصادی راہداری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ شہباز اور جن پنگ نے سی ای پی سی کی جوائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کی دستاویزات پر دستخط کیے۔ اس کے ساتھ دس ارب ڈالر کی لاگت سے کراچی پشاور ریل روٹ منصوبے کو آگے بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اپنے دورہ چین کے دوران شہباز شریف بھی پاکستان کی خراب معاشی حالت کو بہتر کرنے میں مدد کی امید لے کر گئے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیا جائے گا۔
چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ چینی صدر شی جن پنگ کا ایک پرجوش منصوبہ ہے۔ 2013 میں شروع ہونے والے اس منصوبے میں پاکستان کے گوادر سے چین کے کاشغر تک 50 ارب ڈالر یعنی تقریباً تین لاکھ کروڑ روپے کی لاگت سے اقتصادی راہداری بنائی جا رہی ہے۔ اس کے ذریعے چین کو بحیرہ عرب تک رسائی حاصل ہو گی۔