Urdu News

مسجد الحرام میں نماز عید کا روح پرور اجتماع

مسجد الحرام

ریاض،20جولائی(انڈیا نیرٹیو)

سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ کی نماز کیسب سے بڑے اجتماع حرم شریف اور مسجد نبوی میں ہوئے، مسجد الحرام میں نماز عید کی ادائیگی پر روح پرور مناظر دیکھے گئے۔نماز عید الاضحٰی سعودی عرب کی تمام بڑی چھوٹی علاقائی مساجد میں بھی ادا کی گئی، سماجی فاصلے، ماسک کے استعمال کو یقینی بنایا گیا، 30 لاکھ سے زائد آب زم زم کی بوتلیں فراہم کی گئیں۔شاہی خاندان کے ارکان، علماء و شیوخ نے نماز عید میں شرکت کی، مطاف میں حجاج کا طواف حسب معمول جاری رہا، حجاج کی گروپ کی شکل میں حرم آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

اس سے قبل حجاج کے قافلے وقوف عرفہ اور مزدلفہ میں رات گزارنے اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد منیٰ پہنچ رہے ہیں، عیدالاضحی کے پہلے دن حجاج رمی کررہے ہیں، آج صرف بڑے شیطان کو کنکریاں ماری جائیں گی۔جس کے بعد حجاج اپنا وقت عبادت میں گزاریں گے، قربانی کے بعدحجاج کرام سر منڈوا کر احرام کی حالت سے باہر آ جائیں گے، طواف زیارت کے بعد حجاج رات منیٰ میں گزاریں گے۔

واضح رہے کہ اس بارخواتین کے لیے حج میں محرم کی شرط نہیں رکھی گئی، تاہم انہیں گروہ میں جانا پڑیگا۔واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک، جاپان، اٹلی، امریکا اور کینیڈا میں عید الاضحی آج منائی جا رہی ہے۔

سعودی فرمانروا کی مسلمانوں کو عید الاضحی کی مبارک باد

سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مسلمانوں کو عید الاضحی کی مبارک باد دیتے ہوئے اس امر پر اللہ کا شکر ادا کیا ہے کہ مملکت کی کوششوں کے نتیجے میں کرونا کے اثرات میں کمی واقع ہوئی ہے۔عید الاضحی کے موقع پر خصوصی پیغام میں انہوں نے اللہ سے دعا کی ہے کہ ملت اسلامیہ اور سعودی عوام کے لیے یہ موقع خیر، صحت اور برکت کا باعث ہو۔ حجاج اپنے مناسک خیریت سے ادا کر کے اپنے اہل خانہ میں واپس لوٹیں۔انہوں نے کہا کہ مملکت کی کوششوں سے زندگی کے مختلف شعبوں میں کرونا وائرس کے اثرات میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے۔

 مملکت میں مقیم غیر ملکیوں سمیت 22 ملین افراد کو ویکسین لگا کر بیماری کے خلاف قوت مدافعت کو بڑھایا جا چکا ہے جس کے بعد ہم صحت کے معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے محدود تعداد کے لیے حج کے مناسک کھولنے کے قابل ہوئے۔انھوں نے کہا کہ میری مناسک حج ادا کرنے والے عازمین کو خصوصی ہدایت ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ حج ادا کریں۔ ہماری انہی کوشش کا نتیجہ ہے کہ حکومت کی تیار کردہ ایپلی کیشنز سے استفادہ کرتے ہوئے 17 ملین سے زائد افراد عمرہ اور مسجد حرام اور مسجد نبوی میں نماز ادا کے قابل ہوئے۔

Recommended