سعودی عرب کے ساتھ مضبوط عسکری شراکت داری ہے:امریکہ
واشنگٹن،15فروری(انڈیا نیرٹیو)
امریکی وزارت خارجہ کی علاقائی ترجمان جیرالڈن گریفتھس نے باور کرایا ہے کہ ایران کی جانب سے جوہری معاہدے میں کیے جانے والے وعدوں کی عدم پاسداری کے سبب واشنگٹن اس سمجھوتے میں واپسی سے کوسوں دور ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ امریکہ کی عسکری شراکت داری مستقل اور مضبوط ہے۔ امریکہ مملکت کی جانب سے اپنی سرزمین کے دفاع کے سلسلے میں کیے جانے والے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔
اتوار کی شب العربیہ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں گریفتھس کا کہنا تھا کہ امریکہ خطے میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ مشاورت کر رہا ہے تا کہ امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ یمن میں بحران کا حل عسکری طور سے نہیں ہو گا۔ یمن کے بحران کے سیاسی حل کے واسطے واشنگٹن سعودی عرب کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔اس سے قبل امریکی وزارت دفاع (پینٹاگان) نے باور کرایا تھا کہ مشرق وسطی میں اس کے پاس ایسی فورسز ہیں جو ایرانی خطرات کا مقابلہ کرنے کی قدرت رکھتی ہیں۔
واشنگٹن میں جمعے کے روز صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے پینٹاگان کے ترجمان نے کہا کہ ’’جیسا کہ صدر (جو بائیڈن) یہ کہہ چکے ہیں کہ ہم ایران کو پھر سے جوہری معاہدے پر عمل درامد کرتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔
اسی طرح وزیر دفاع (لائڈ اوسٹن) بھی یہ باور کرا چکے ہیں کہ اگر ایران نے جوہری ہتھیار حاصل کر لیے تو مشرق وسطی کا کوئی بھی مسئلہ حل کرنا آسان نہیں ہو گا‘‘۔ترجمان نے زور دیا کہ امریکی انتظامیہ کا موقف اس حوالے سے واضح ہے اور وہ یہ کہ ہم نہیں چاہتے کہ ایران یہ صلاحیت حاصل کرے۔
سعودی عرب: کورونا ضوابط کی خلاف ورزی پر تین روز میں 48 املاک سیل
سعودی عرب میں حکام نے انسداد کرونا کے حوالے سے وضع کردہ ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے والے افراد اور املاک کے خلاف سخت کارروائی شروع کی ہے۔ سعودی عرب کی الجوف گورنری اور اس کے اطراف میں پولیس نے تین روز میں کرونا ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی 48 املاک کوسیل کر دیا۔
سیکورٹی فورسز اور محکمہ صحت کی مشترکہ ٹیموں کے فیلڈ گشت کے دوران کئی دکانوں، کیفے اور ہوٹلوں کو کرونا کے حوالے سے وضع کردہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سیل کیا گیا اور ان کے مالکان کو جرمانے کیے گئے۔ الجوف گورنری کے ترجمان عمر الحموان نے بتایا کہ تین روز میں طبی اور سیکورٹی ٹیموں نے 339 مانیٹرنگ دورے کیے۔
اس دوران 83 افراد کو کرونا اصولوں کی خلاف ورزی کرنے، ماسک نہ پہننے، گاہکوں کا ٹمپریچر چیک نہ کرنے اور ’توکلنا‘ ایپ استعمال نہ کرنے والوں کو بھاری جرمانے کیے گئے۔ترجمان کا کہنا ہےکہ حکومت کرونا ایس اوپیز پر سختی کے ساتھ عمل درآمد کرائے گی اور کسی کے ساتھ کوئی نرمی اور رعایت نہیں برتی جائے گی۔