Urdu News

رنگ لائی امریکی کوشش،سوڈان میں 427 ہلاکتوں کے بعد 72 گھنٹے کی جنگ بندی

سوڈان جنگ بندی کا اعلان

خرطوم، 25 اپریل (انڈیا نیرٹیو)

 تشدد سے متاثرہ سوڈان میں جنگ بندی کے لیے امریکی کوششیں رنگ لائی ہیں۔ دو دن کی بات چیت کے بعد دونوں متحارب فریقین نے 72 گھنٹے کی جنگ بندی پر اتفاق کیا۔ 24 اپریل کی نصف شب سے شروع ہونے والی یہ جنگ بندی اگلے 72 گھنٹوں تک جاری رہے گی۔ تشدد میں یہاں 427 افراد ہلاک اور 3700 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔

سوڈان میں سوڈانی فوج اور پیرا ملٹری ریپڈ سپورٹ فورس کے درمیان جاری شدید تنازعہ پوری دنیا کے لیے چیلنج بن گیا ہے۔ ریپڈ سپورٹ فورس نے عید پر جنگ بندی کا اعلان کیا تھا لیکن اس کے بعد یہ موثر نہ ہوسکا۔ اس کے بعد امریکہ نے دونوں فریقوں کے درمیان جنگ بندی کی کوششیں شروع کیں۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ 48 گھنٹے کی طویل بات چیت کے بعد سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورس نے ملک گیر جنگ بندی پر اتفاق کیا۔ یہ جنگ بندی 24 اپریل کی نصف شب سے شروع ہوگی اور اگلے 72 گھنٹوں تک جاری رہے گی۔

دریں اثنا، سوڈان میں صورتحال بدستور تشویشناک ہے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق سوڈان میں تشدد کے واقعات میں اب تک 427 افراد ہلاک اور 3700 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ خرطوم میں مصری سفارت خانے کا ایک اہلکار بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہے۔

سوڈان سے اب تک مختلف ممالک کے چار ہزار سے زائد افراد کو بحفاظت نکالا جا چکا ہے۔ سوڈانی باشندے بھی بڑی تعداد میں چاڈ، مصر اور جنوبی سوڈان میں ہجرت کر چکے ہیں۔ لوگوں کو پانی، خوراک اور ادویات کی قلت کا سامنا ہے۔

Recommended