شمالی بحر اوقیانوس اتحاد (نیٹو) کے تیس رکن ممالک نے سویڈن اور فن لینڈ کو نیٹو کی رکنیت کے لئے منظوری دے دی ہے۔ منگل کے روز، ان ممالک نے نیٹو میں سویڈن اور فن لینڈ کی شمولیت کے حوالے سے الحاق کے دستاویز پر دستخط کئے۔روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد نیٹو ممالک کی ترجیحات میں تبدیلی رونما ہوئی ہے۔
سویڈن اور فن لینڈ نے نیٹو کا رکن بننے کے لیے باقاعدہ درخواستیں دیں۔ روس کے انتباہ کے باوجود، ان درخواستوں پر تیزی سے غور کیا گیا۔ نیٹو کے تیس ممالک کے سفیروں نے فن لینڈ اور سویڈن کے لئے الحاق کے دستاویز پر منگل کو نیٹو ہیڈ کوارٹر میں فن لینڈ کے وزیر خارجہ پیکا ہاویستو اور سویڈش وزیر خارجہ این لِنڈے کی موجودگی میں دستخط کئے۔ گزشتہ ہفتے میڈرڈ سربراہ اجلاس میں، نیٹو اتحادیوں کے رہنماؤں نے ترکی، فن لینڈ اور سویڈن کے درمیان سہ فریقی معاہدے کے بعد فن لینڈ اور سویڈن کو تنظیم میں شمولیت کی اجازت دینے پر اتفاق کیا۔
نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے اس موقع کو فن لینڈ، سویڈن اور نیٹو ممالک کی مشترکہ سلامتی کے لئے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو کے دروازے یورپی جمہوریتوں کے لئے کھلے ہیں بالخصوص ان کے لئے جو ہماری مشترکہ سلامتی کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 32 ممالک کے ساتھ نیٹو کو مزید طاقت ملے گی۔ اس وقت نیٹو ممالک کو گزشتہ کئی دہائیوں کے سب سے بڑے سیکیورٹی بحران کا سامنا ہے، اس فیصلے سے تحفظ کا احساس بھی بڑھے گا۔