طالبان کا نو رکنی وفد چین کے دو روزہ دورے پر ہے جہاں انہوں نے امن عمل اور سیکورٹی امور پر تبادلہ خیال کے لیے وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی۔
طالبان کے ترجمان محمد نعیم نے بتایا کہ اس میٹنگ کے دوران دونوں ممالک کی سلامتی اور افغانستان کی موجودہ صورت حال اور امن عمل سے متعلق سیاسی، معاشی اور دیگر امور ومسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ طالبان کے ترجمان نے بتایا کہ طالبان کے نائب رہنما ملا برادر اخوند کی سربراہی میں چین کے خصوصی ایلچی سے بھی ملاقات ہوئی۔ یہ دورہ چینی انتظامیہ کی دعوت کے بعد ہوا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ چینی سفارت کار وانگ ای نے چینی شہر تیانجن میں طالبان کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ ملا برادر نے چین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ افغان کی سرزمین کسی بھی ملک کی سلامتی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔ اس دوران چین نے افغانستان کے معاملات میں مداخلت نہ کرنے کا وعدہ کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ مسائل کے حل اور قیام امن میں مدد کرے گا۔
وفد نے چین کو یقین دلایا کہ وہ کسی کو بھی چین کے خلاف افغان سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ چین نے بھی افغانوں کے لئے اپنی امداد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ وہ افغانستان کے معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے بلکہ امن کی بحالی اور ملک میں مسائل حل کرنے میں مدد کریں گے۔