طالبان نے افغانستان کے تقریباً نصف اضلاع پر قبضہ کرلیا ہے۔ اعلیٰ امریکی جنرل نے یہ معلومات شیئر کی ہے۔جنرل مارک ملے نے پینٹاگون میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ طالبان نے 419 ضلع مراکز میں سے 212 اضلاع پر قبضہ کرلیا ہے۔ طالبان اپنی حکمت عملی کے مطابق تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب یہ افغان عوام، افغان فوج اور حکومت افغانستان کی آزمائش ہوگی۔ پینٹاگون کی جانب سے کہا گیاہے کہ امریکی فوجیوں کو افغانستان سے 95 فیصدواپس لے لیا گیا ہے اور 31 اگست تک مکمل طور پرہٹالیا جائے گا۔
اس پریس کانفرنس میں ملے کے علاوہ وزیر دفاع لائیڈ آسٹن بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی فوج کی کوششیں طالبان پر مرکوز نہیں ہوں گی بلکہ دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے پر مرکوز رہیں گی۔ 11 ستمبر 2001 کو امریکہ پر حملہ کرنے والے القاعدہ پر امریکہ نظر رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ افغانستان سے تشدد، دہشت گردی ہمارے مادر وطن میں نہ آئے۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ طالبان اپنا وعدہ پورا کریں گے۔ جنرل ملے نے بتایا کہ طالبان نے ابھی تک ملک کے 34 صوبائی دارالحکومتوں میں سے کسی پر قبضہ نہیں کیا ہے، لیکن وہ ان میں سے تقریباًنصف دارالحکومتوں پر دباؤ بنا رہا ہے۔