Urdu News

خلیجی ممالک کی کمائی پر ٹیکس چھوٹ جاری رہے گی

خلیجی ممالک کی کمائی پر ٹیکس چھوٹ جاری رہے گی

نئی دہلی ، 2 اپریل (انڈیا نیرٹیو)

مرکزی حکومت نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ خلیجی ممالک میں کام کرنے والے لوگوں کی کمائی پر ہندوستان میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔ خلیج میں کام کرنے والے افراد پہلےکی طرح ہندوستانی ٹیکس کے نظام میں حاصل چھوٹ کے مستحق رہیں گے۔ وزیر خزانہ نرملا سیتارامن نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر واضح کیا ہے کہ ایسی غلط خبریں سیاسی وجوہات کی بنا پر گردش کی جارہی ہیں ، لیکن ایسی کوئی تجویز حکومت ہند کے پاس نہیں ہے اور ایسا کوئی امکان موجود نہیں ہے۔ 

قابل ذکر ہے کہ ٹی ایم سی کے رکن پارلیمنٹ مہووا موئترا نے الزام لگایا تھا کہ فنانس بل 2021 میں ترمیم کی گئی ہے۔ اس ترمیم سے خلیجی ممالک میں کام کرنے والے مزدوروں کی کمائی ٹیکس کے دائرہ میں آگئی ہے۔ اس سلسلے میں مہووا موئترا کے پاس بھی ایک ٹویٹ تھا۔ اس کے جواب میں وزیر خزانہ سیتارمن نے واضح کیا ہے کہ خلیجی ممالک میں مقیم این آر آئیز کے ذریعہ حاصل کردہ تنخواہ پر ٹیکس چھوٹ پہلے کی طرح جاری رہے گی۔ فنانس ایکٹ 2021 کے تحت سعودی ، متحدہ عرب امارات ، عمان اور قطر میں کام کرنے والے ہندوستانیوں پر کوئی نیا یا الگ ٹیکس عائد نہیں کیا گیا ہے۔ 

یہ امر قابل ذکر ہے کہ ہندوستانیوں کی ایک بڑی تعداد خلیجی ممالک میں کام کرتی ہے۔ یہ لوگ ایسے کسی بھی فیصلے سے بہت متاثر ہو سکتے ہیں۔ وزارت خزانہ کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ مالیات بل 2021 میں ترمیم سے خلیجی ممالک میں کام کرنے والے بیرون ملک مقیم ہندوستانی شہریوں کی آمدنی پر ٹیکس کی واجبات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ خلیجی ممالک میں تنخواہ سے حاصل ہونے والی آمدنی پہلے کی طرح ہندوستان میں بھی مستثنیٰ رہے گی۔ 

Recommended