Urdu News

ٹیررازم انڈیکس رپورٹ: افغانستان سب سے زیادہ متاثر لیکن اموات پاکستان میں زیادہ

ٹیررازم انڈیکس رپورٹ

کینبرا، 16 مارچ ( انڈیا نیرٹیو)

 افغانستان دنیا میں سب سے زیادہ دہشت گردی سے متاثرہ ملک ہے لیکن دہشت گردی سے ہونے والی اموات افغانستان سے زیادہ پاکستان میں ہوتی ہیں۔ آسٹریلیا میں قائم کردہ انسٹی ٹیوٹ فار اکنامکس اینڈ پیس کی سالانہ گلوبل ٹیررازم انڈیکس رپورٹ کے اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ سال 2022 میں افریقی ملک برکینا فاسو میں دہشت گردی کا نشانہ بن کر سب سے زیادہ لوگ ہلاک ہوئے ۔

سال 2022 میں دنیابھرمیں دہشت گردی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد2023کی گلوبل ٹیررازم انڈیکس رپورٹ جاری کی گئی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق افغانستان دہشت گردی سے متاثرہ ممالک میں پہلے نمبر پر ہے۔ برکینا فاسو دوسرے، صومالیہ تیسرے، مالی چوتھے اور شام پانچویں نمبر پر ہے۔

پاکستان دہشت گردی سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں چھٹے نمبر پر ہے تاہم وہاں دہشت گردی کے واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد افغانستان سے زیادہ ہے اور عالمی سطح پر دوسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان میں سال 2022 میں دہشت گردی کے واقعات میں 643 افراد لقمہ اجل بن گئے جو کہ گزشتہ سال ہونے والی 292 ہلاکتوں سے تقریباً 120 فیصد زیادہ ہے۔ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں مرنے والوں میں 55 فیصد فوج یا پولیس اہلکار ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 2007 سے 2022 تک پاکستان میں دہشت گردی کے حملوں میں 14 ہزار 920 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

گلوبل ٹیررازم انڈیکس کی رپورٹ میں افغانستان کو دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک قرار دیا گیا ہے تاہم افغانستان میں دہشت گردی کے واقعات سے ہونے والی اموات میں 58 فیصد کمی آئی ہے۔ افغانستان میں سال 2022 میں دہشت گردی کے واقعات میں 633 افراد ہلاک ہوئے جب کہ 2021 میں یہ تعداد 1499 تھی۔ رپورٹ کے مطابق 2022 میں اسلامک اسٹیٹ خراسان سب سے زیادہ فعال دہشت گرد تنظیم کے طور پر سامنے آئی ہے۔ افغانستان میں اس دہشت گرد تنظیم نے 2022 میں 422 افراد کو ہلاک کیا۔

افریقی ملک برکینا فاسو دہشت گردی کے واقعات کے باعث اموات کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے جہاں 2022 میں دہشت گردی کے واقعات میں 1135 افراد ہلاک ہوئے۔ برکینا فاسو میں 2021 میں اسی طرح کے واقعات میں 759 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

Recommended