Urdu News

وزیر اعظم نے ایران کے نئے صدررئیسی کو مبارکباد دی، وزیر خارجہ نے کی ملاقات

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر

وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے جمعہ کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی اور صدر کا عہدہ سنبھالنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے رئیسی کو ذاتی مبارکباد پیش کی۔

جے شنکر کی رئیسی کے ساتھ یہ دوسری ملاقات ہے۔ پچھلے مہینے وہ ماسکو جاتے ہوئے تہران میں رکے تھے  اوران کی رئیسی سے ملاقات  ہوئی تھی۔ ان دنوں وہ رئیسی کی حلف برداری تقریب  میں حصہ لینے کے سلسلے میں تہران میں ہیں۔

ایرانی صدر سے ملاقات کے بعد   جے شنکر نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ دونوں ملکوں کے علاقائی مفادات بہت مشترک ہیں۔ایرانی صدر کے دفتر سے جاری کردہ ایک ریلیز کے مطابق، رئیسی نے کہا کہ ہندوستان اور ایران خطے میں امن اور سلامتی کے لیے مثبت اور مفید کردار ادا کر سکتے ہیں۔ دونوں ممالک کا افغانستان میں قیام امن میں اہم کردار ہے۔

انہوں نے افغانستان کی سلامتی کے لیے بھارت کی کوششوں کا خیرمقدم کیا۔

رئیسی نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ افغان عوام کو کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ نے منفی کردار ادا نہیں کیا تو افغانستان کے حالات تیزی سے بہتر ہو سکتے ہیں۔

جے شنکر سے ملاقات کے حوالے سے رئیسی نے کہا کہ ہم نے دو طرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی تعلقات کی ترقی کے لیے نئے اقدامات کیے ہیں۔ ایران اپنے پڑوسی اور علاقائی ممالک بالخصوص بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑھانے کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے اقتصادی، تجارتی اور نئی ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

Recommended