نئی دہلی ، 27مارچ (انڈیا نیرٹیو)
جمعہ کو ڈھاکہ میں منعقدہ بنگلہ دیش قومی دن کے پروگرام کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے ان بھارتی فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے بنگلہ دیش کی آزادی کی جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا ،’’آج میں بنگلہ دیش کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ساتھ بھارتی فوج کے ان بہادر سپاہیوں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے بنگلہ دیش کی آزادی کی جدو جہد میں حصہ لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ "مجھے خوشی ہے کہ بنگلہ دیش آزادی جنگ میں حصہ لینے والے بہت سے فوجی جو کہ باحیات ہیں اس پروگرام میں موجود ہیں۔‘‘
وزیر اعظم نریندر مودی اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب شیخ حسینہ کے ساتھ ڈھاکہ کے نیشنل پریڈ گراؤنڈ پہنچے جہاں انہوں نے مجیب جیکٹ پہن کر شیخ مجیب الرحمن کو خراج عقیدت پیش کیا۔ یہاں اپنے خطاب سے قبل انہوں نے حال ہی میں بنگلہ دیش کے بانی شیخ مجیب الرحمٰن کوبعد ازمرگ دئے گئے گاندھی امن انعام 2020 کوان کی سب سے چھوٹی بیٹی شیخ ریحانہ کوپیش کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کےلیےیہ فخر کی بات ہے کہ ہمیں شیخ مجیب الرحمٰن کو گاندھی امن انعام سے نوازنے کا موقع ملا۔
بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ ڈاکٹر اے کے عبدالمومن نے بنگلہ دیش کے تاریخی دو روزہ دورے کے دوران وزیر اعظم مودی سے ملاقات کی۔ اس دوران ، دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے اور ہمہ جہتی شراکت داری کو مستحکم کرنے پر زور دیا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم مودی نے انھیں بتایا کہ بھارت اور بنگلہ دیش میں اچھی دوستی قائم ہوئی ہے اور ہمیں مل کر اس طرح کام کرنا ہے کہ اگلے 50 سالوں میں پورا خطہ ترقی کی نئی عبارت لکھے۔ دونوں ممالک کے مابین کچھ متنازعہ امور ہوسکتے ہیں لیکن ہم ان سب کو بات چیت اور گفتگو کے ذریعے حل کریں گے۔