Urdu News

بارباڈوس میں جمہوریہ کا سورج ہواطلوع ، بارباڈوس کی غلامی کے پیچھے کس کا ہاتھ؟

بارباڈوس میں جمہوریہ کا سورج ہواطلوع

ملکہ الزبتھ دوم نے استعفیٰ دیا، شہزادہ چارلس کی موجودگی میں جمہوریہ کا اعلان

کیریبین ملک بارباڈوس نے طویل عرصے کے بعدجمہوریت کا نیا سورج دیکھا۔ بارباڈوس پیر کی  دیرشب برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم کی خودمختاری سے الگ ہو کر  ایک نئی جمہوریہ بن گیا۔ اس کے ساتھ ہی بارباڈوس نے تقریباً چار دہائیوں پرانے نوآبادیاتی عہد کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی بار اپنا صدر منتخب کیا۔

پہلا برطانوی بحری جہاز 400 سال قبل اس کیریبین جزیرے پر پہنچا تھا۔ دارالحکومت برج ٹاؤن کے چیمبر برج پر آدھی رات امڈے ہجوم نے نئی جمہوریہ کی خوشی منائی۔ ہیروز اسکوائر پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور بارباڈوس کا قومی ترانہ گایا گیا۔ شہزادہ چارلس سمیت کئی معززین نے اس تاریخی لمحے کا مشاہدہ کیا۔

بارباڈوس کی اس تبدیلی نے ان سابقہ برطانوی نوآبادیاتی ممالک کو بھی یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے جو اب بھی ملکہ کو اپنا خود مختار مانتے ہیں۔چیمبر برج کے قریب ہیروز اسکوائر پر اپنے عہدے کا حلف لینے والی سینڈرا میسن نے کہا:”ہمیں جمہوریہ بارباڈوس کی روح اور وجود کو ضرورپیش کرنا چاہیے۔ ہمیں اس کے مستقبل کو تشکیل دینا ہے۔ ہم ایک دوسرے کے  اور اپنے ملک کے محافظ ہیں۔ ہم بارباڈوس کے لوگ ہیں“۔ میسن چلی، برازیل، کولمبیا اور وینزویلا میں سفیر رہ چکی ہیں۔

بارباڈوس کے لوگوں نے چیمبر برج پر آتش بازی کی۔ سارے جزیرے پرا سکرینیں لگائی گئی تھیں۔ تقریب کو آن لائن بھی نشر کیا گیا۔ جشن کے دوران باربیڈین رقص اور موسیقی کا شاندار امتزاج پیش کیا گیا۔ وزیراعظم میا موٹلی نے باربیڈین گلوکارہ ریحانہ کو قومی ہیرو قرار دے دیا۔

شہزادہ چارلس نے اپنی والدہ اور ملکہ الزبتھ کی مبارکباد شیئر کرتے ہوئے کہا: "اس جمہوریہ کی تشکیل ایک نئی شروعات  ہے۔ ہمارے ماضی کے سیاہ دن اور غلامی کے ہولناک مظالم ہماری تاریخ میں ہمیشہ ایک داغ کی طرح  رہیں گے، لیکن اس سے الگ اس جزیرے کے لوگوں نے غیر معمولی عزم  کے ساتھ اپناالگ راستہ خود بنایا ہے“۔

باربیڈین شاعر ونسٹن فیرل نے اپنے ملک کی تبدیلی کے بارے میں کہا، "نوآبادیاتی باب مکمل طور پر ختم ہوا۔ یونین جیک کے نیچے کچھ بیوقوف پیدا ہوئے جو محل میں جاکر اپنی جلد بھول گئے۔ یہ ہمارے لیے ہے۔ گنے کے کھیتوں سے اٹھ کرہماری تاریخ کو دوبارہ حاصل کرنے کے لئے ہے‘۔

Recommended