Urdu News

امریکہ، برطانیہ، سعودی عرب اوریواے ای کا سوڈان کی سول حکومت کی فوری بحالی کا مطالبہ

امریکہ، برطانیہ، سعودی عرب اوریواے ای کا سوڈان کی سول حکومت کی فوری بحالی کا مطالبہ

امریکہ، سعودی عرب، برطانیہ اور متحدہ عرب امارات نے ایک مشترکہ بیان میں سوڈان کی سویلین قیادت والی حکومت کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔العربیہ کی ایک رپورٹ کے مطابق   جاری کردہ  ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب، یواے ای، امریکہ اوربرطانیہ سوڈان کے عوام کے ساتھ اپنے ممالک کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہیں اور ایک جمہوری اور پرامن سوڈان کے لیے ان کی خواہشات کی حمایت کی اہمیت پرزور دیتے ہیں۔

سوڈان کے لیے تشکیل کردہ اس گروپ چارنے اپنے اس مطالبے کا اعادہ کیا ہے کہ اس ملک کی سویلین قیادت کی بالادستی والی عبوری حکومت اور اداروں کومکمل اور فوری طور پربحال کیا جائے۔چاروں ممالک نے کہا کہ وہ سوڈان کے عوام کو انتقال اقتدار اور انتقال جمہوریت کا عمل آگے بڑھانے میں مدد دینے کے لیے پرعزم ہیں۔انھوں نے ملک کی صورت حال پراپنی ”سنگین تشویش“کا اظہار کیا۔

انھوں نے سوڈانی فوج سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حراست میں لیے گئے تمام افراد کو رہا کرے اور ملک میں نافذ ہنگامی حالت کا خاتمہ کرے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ”نئے سوڈان میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں،اس نکتے پر ہم ملک کے تمام فریقوں کے درمیان مؤثربات چیت کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور ہم تمام فریقوں پریہ زور دیتے ہیں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ سوڈان کے عوام کا امن وسلامتی ان کی اوّلین ترجیح ہو۔“

Recommended