Urdu News

وائرس کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا بیان

وائرس کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا بیان

جنیوا،02دسمبر (انڈیا نیرٹیو)

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوتریس نے کہا ہے کہ وائرس کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کی بنیاد پرمخصوص ملکوں اور خطوں کو ہدف بناکرسفری پابندیاں عائد کرنا غیرمنصفانہ اور غیرمؤثر ہے۔ایک بیان میں انٹونیو گوتریس نے کہا کہ جن ملکوں نے نئے وائرس کی اطلاع دی ان کے خلاف پابندیاں لگا کر انہیں سزا نہیں دینی چاہیے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا یہ بھی کہنا تھا کہ وائرس کو پھیلنے سے روکنے کا واحد راستہ مسافروں کی ٹیسٹنگ کے لیے مناسب اور مؤثر اقدامات کرنا ہے۔

 خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے جنوبی افریقہ سے سامنے آنے والی نئی قسم کو ’اومی کرون‘ کا نام دیا ہے۔ماہرین کے مطابق پریشانی کی بات یہ ہے کہ نئی قسم میں مجموعی طور پر 50 جینیاتی تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں جبکہ اس کی نسبت کچھ عرصہ قبل دنیا کو اپنی زدمیں لینے والی کورونا کی ڈیلٹا قسم میں صرف 2 جینیاتی تبدیلیاں پائی گئی تھیں۔برطانوی طبی ماہرین کے مطابق بھی کورونا کی یہ قسم اب تک سامنے آنے والی تمام اقسام میں سب سے زیادہ خطرناک ہے۔

 رپورٹس کے مطابق خطرناک وائرس کیکیسز کی جنوبی افریقہ، یورپ اور اسرائیل میں تصدیق ہوچکی ہے۔ وائرس کا مزید پھیلاؤ روکنے کے لیے عالمی سطح پر ہنگامی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔

Recommended