Urdu News

ترکی طوفان کی زد میں، حادثات میں چار افراد ہلاک

ترکی طوفان کی زد میں، حادثات میں چار افراد ہلاک

انقرہ،30نومبر(انڈیا نیرٹیو)

ترکی میں حکام نے بتایا کہ پیر کو تیز ہواؤں کے باعث استنبول میں کم از کم چار افراد ہلاک اور 19 دیگر زخمی ہوگئے۔استنبول گورنری نے قدرتی آفات سے نمٹنے کی ریاستی اتھارٹی کے حوالے سے بتایا کہ ایک غیر ملکی سمیت چار افراد ہلاک اور 19 دیگر زخمی ہوئے جن میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔ترکی کی دوآن نیوز ایجنسی کی طرف سے شائع ہونے والی ویڈیو فوٹیج میں دو آدمیوں اور ایک پرام کو لکڑی کی چھت کی باقیات کے نیچے دکھایا گیا ہے جو کہ استنبول کے مغربی ایسنیورٹ ضلع میں تیز ہوا کے باعث تباہ ہو گئے ہیں۔

ایجنسی کے مطابق شہر کے مغرب میں ایک اور محلے میں ایک خاتون کی موت اس وقت ہوئی جب چھت پر نصب ایک ماڈل ٹوٹ کر اس پرآگرا۔استنبول کے میئر اکریم امام اوغلو نے متاثرین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہر کے رہائشیوں سے کہا کہ وہ 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے باعث ایسے حادثات، "یا درخت گرنے یا کھمبے گرنے" کے امکان سے محتاط رہیں۔سوشل میڈیا اور ترک میڈیا پر پوسٹ کیے گئے مناظر میں ایک چھت اور ایک بالکونی کو ہوا سے اڑاتے ہوئے دکھایا گیا۔ ساتھ ہی استنبول کے قریب ایک ہائی وے پر ایک ٹرک الٹ گیا۔استنبول میونسپلٹی کے مطابق طوفان نے درجنوں چھتوں اور تقریباً 200 درختوں کو اکھاڑ پھینکا، جب کہ طوفان نے باسفورس پر نیویگیشن کو مفلوج کردیا۔"این ٹی وی" چینل کی رپورٹ کے مطابق تیز ہوا کے باعث پانچ طیاروں کو انقرہ اور ازمیر کے ہوائی اڈوں کی طرف موڑ دیا گیا جو استنبول میں اترے تھے۔پیر کے روزترک حکام نے آبنائے باسفورس کو بحری جہازوں کے لیے بند کر دیا۔ یہ اعلان جنرل ڈائریکٹوریٹ آف کوسٹل سیفٹی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شائع کیا ہے۔اعلان میں کہا گیا ہے کہ خراب موسم کی وجہ سے باسفورس کو دونوں سمتوں میں عبورکرنے والے بحری جہازوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔صبح کے اوقات سے ہی تیز ہواؤں کا اثر استنبول شہر تک پہنچنا شروع ہو گیا جس کی وجہ سے حکام کو بحیرہ مرمرہ اور آبنائے باسفورس میں بحری سفر منسوخ کرنا پڑا۔

Recommended