Urdu News

ترکیہ میں ایک ماہ قبل انتخابات ہوں گے، ووٹنگ کا پہلا مرحلہ 14 مئی کو

ترکیہ صدر رجب طیب اردگان

ترکیہ میں مقررہ وقت سے ایک ماہ قبل انتخابات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اب صدر اور پارلیمنٹ کے لیے پہلے مرحلے کی ووٹنگ 14 مئی کو ہوگی

ترکیہ میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات 18 جون کو ہونے تھے۔ صدر رجب طیب اردگان کی ٹیم کی طرف سے ایسے اشارے ملے تھے کہ اس بار انتخابات مقررہ وقت سے پہلے ہو سکتے ہیں۔

صدر کی اے کے پارٹی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ جون میں انتخابات ممکن نہیں ہوں گے کیونکہ اس وقت گرمیوں کی چھٹیوں کا موسم ہوگا اور لوگ سفر کر رہے ہوں گے۔ اب صدر اردگان کی جانب سے مقررہ وقت سے پہلے انتخابات کرانے کے اعلان سے یہ قیاس آرائیاں درست ثابت ہوئی ہیں۔ اردگان نے 14 مئی کو صوبہ بورصہ میں منعقدہ یوتھ کانفرنس میں ووٹنگ کے پہلے مرحلے کا اعلان کیا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ اردگان ایک بار پھر صدارت کے لیے الیکشن لڑنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اردگان 2003 سے 2014 تک ترکی کے وزیر اعظم رہے اور 2014 سے ترکی کے صدر کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

اگر کوئی امیدوار 14 مئی کو پہلے مرحلے کی ووٹنگ میں 50 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل نہیں کرسکا تو دوسرے مرحلے کی ووٹنگ 28 مئی کو ہوگی۔ اپوزیشن اتحاد نے بھی 14 مئی کو انتخابات کے انعقاد کی حمایت کی ہے۔ اپوزیشن کے چھ جماعتی اتحاد نے ابھی تک صدارتی امیدوار کا اعلان نہیں کیا۔

 پارلیمان میں تیسری سب سے بڑی جماعت کرد نواز پارٹی کو اب تک اتحاد سے باہر رکھا گیا ہے۔ کہا گیا ہے کہ وہ اپنا امیدوار کھڑا کر سکتی ہیں۔ 68 سالہ اردگان نے 2018 میں حکومت کا نیا نظام متعارف کرایا۔

Recommended