اقوام متحدہ کی منظوری کے بعد جمہوریہ ترکی کا نام اب ترکیہ ہو گا۔ اقوام متحدہ کو لکھے گئے خط میں ترکی کے وزیر خارجہ مولود جاویش اوغلونے ایک باضابطہ درخواست کی ہے کہ ان کے ملک کو ترکیہ کے نام سے جانا جائے۔ اقوام متحدہ نے ان کی درخواست قبول کر لی ہے۔حکومت نے جمعرات کے روز یہ اطلاع دی۔
اس قدم کو ملک کی شبیہ کو تبدیل کرنے اور پرندے، ٹرکی اور اس سے منسلک کچھ منفی مفہوم سے الگ کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے بدھ کو دیر گئے خط کے موصول ہونے کی تصدیق کی۔ ایجنسی نے دجارک کے حوالے سے کہا کہ نام کی تبدیلی اسی لمحہ سے موثر ہوگئی تھی، جب خط موصول ہوا تھا۔
صدر رجب طیب اردوان نے دسمبر میں ہی ترکی ثقافت اور اقدار کی بہتر انداز میں نمائندگی کے لیے ترکیہ کے استعمال کا حکم دیا تھاجس میں برآمدی مصنوعات پر میڈ اِن ترکی کے بجائے میڈ اِن ترکیہ کے استعمال پر زور دیاگیاتھا۔ انہوں نے اپنے ملک کے لوگوں سے کہا کہ وہ بین الاقوامی سطح پر ہر زبان میں ترکیہ کے نام استعمال کریں۔