ترک فوجی ہیلی کاپٹر گرکر تباہ،آرمی کے کورکمانڈر سمیت 10 ہلاک
انقرہ،05مارچ(انڈیا نیرٹیو)
ترکی کے مشرقی علاقے میں جمعرات کے روز ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا ہے۔اس حادثے میں آرمی کے ایک کورکمانڈر سمیت 10 فوجی افسر ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ہیں۔ترکی کی قوم پرست جماعت کے لیڈر دولت بہاچیلی نے ٹویٹر پر حادثے میں آرمی کے کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عثمان عرباض کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے۔
حکومت نواز روزنامہ صباح نے بھی ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔اس نے بتایا ہے کہ نو فوجی افسر جائے حادثہ پر ہی دم توڑ گئے تھے۔ایک اہلکار کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ چل بسا ہے۔
وزارتِ دفاع نے حادثے کی جگہ سے ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے بتایا ہے کہ فوجی ہیلی کاپٹر حادثاتی طور پر گر کر تباہ ہواہے لیکن اس نے واقعہ کی مزید تفصیل نہیں بتائی۔
ترک حکام کے مطابق چوگرطرز کے اس ہیلی کاپٹر کا اڑان بھرنے کے 30 منٹ کے بعد آرمی کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔اس فوجی ہیلی کاپٹر کو کرد اکثریتی آبادی کے صوبہ بطلیس میں واقع قصبے تطوان میں حادثہ پیش آیا ہے۔اسی علاقے میں ترک فوجی کالعدم کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کے جنگجووں کے خلاف کارروائی کررہے ہیں۔
ترکی کے جنوب مشرقی علاقے میں کرد باغیوں نے 1984سے مرکزی حکومت کے خلاف بغاوت برپا کررکھی ہے اور ترک سکیورٹی فورسز کردجنگجووں کے خلاف تب سے نبردآزما ہیں۔محدود پیمانے پر اس خانہ جنگی میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ ترکی کے علاوہ امریکہ اور یورپی یونین نے بھی پی کے کے کو دہشت گرد گروپ قرار دے رکھا ہے۔یادرہے کہ 2017 میں شام اور عراق کی سرحد کے نزدیک واقع ترک صوبہ سرناک میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا تھا اور اس میں سوار تمام 13 فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔