Urdu News

ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کا دورۂ سعودی عرب ، مضبوط تعلقات کا عزم

ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کا دورۂ سعودی عرب

اردوان نے یہ دورہ شاہ سلمان کی دعوت پر کیا ہے جدہ ائرپورٹ پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا

انٹرنیشنل ڈیسک، ریاض

گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں انہوں نے فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد سے ملاقات کی۔ 2018 ء میں صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ تھے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق اردوان نے یہ دورہ شاہ سلمان کی دعوت پر کیا ہے۔ جدہ ائرپورٹ پر انہیں گارڈ آف آنرپیش کیا گیا۔

 اس موقع پر صدر اردوان نے اس بات پر زور دیا کہ ان کا ملک سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے کام کر رہا ہے اور کہ ترکی کی سلامتی اور استحکام خلیج کی سلامتی اور استحکام کا حصہ ہے۔ ہم دونوں ممالک کے درمیان سیاست، عسکری تعاون، معیشت اور ثقافت سمیت تمام شعبوں میں بہتر تعلقات کے نئے دور کا آغاز کرنے کی کوششیں کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ سعودی عرب تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے ترکی کے لیے ایک خاص مقام رکھتا ہے۔

سعودی عرب میں ہم نے جو منصوبے شروع کیے ہیں ان کی کل مالیت 24 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاض کے ساتھ صحت، توانائی، فوڈ سیکورٹی، زرعی ٹیکنالوجی، دفاعی صنعت اور مالیات کے شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہو گا۔ خبررساں اداروں کے مطابق اپنے دورے کے دوران صدر اردوان نے عمرہ کی سعا دت بھی حاصل کی۔

 واضح رہے کہ سعودی عرب کے علاوہ اردوان خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے بھی کام کر رہے ہیں ۔ انہیں اس وقت داخلی چیلنج کا سامنا ہے جس میں مقامی کرنسی کی قدر میں کمی اور بڑھتی ہوئی افراط زر کی وجہ سے معیشت کو درپیش مشکلات شامل ہیں۔

Recommended