کوئٹہ، 15جولائی
بلوچستان کے مشہور سیاحتی مقام زیارت سے ایک سرکاری افسر سمیت دو سیاحوں کو اغوا کر لیا گیا ہے ۔ مقامی خبروں کے مطابق مسلح افراد نے بدھ کو وارچوم کے علاقے سے دونوں سیاحوں کو اٹھایا۔ تاہم مسلح افراد نے ان کے خاندان کے افراد کو چھوڑ دیا۔
اغوا ہونے والے سیاحوں کا تعلق کراچی سے تھا اور وہ عید الاضحی کے موقع پر قصبے کا دورہ کر رہے تھے، واقعے کے بعد مقامی قبائلیوں نے اغوا کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑکیں بلاک کر دیں۔ انہوں نے سیاحوں کی بازیابی اور اس طرح کے واقعات کے خاتمے کے لیے حکام پر دباؤ ڈالنے کے لیے کوئٹہ-زیارت روڈ بلاک کر دی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر قدوس بزنجو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سیاحوں کی بحفاظت بازیابی یقینی بنائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔