Urdu News

امارات کا11 ستمبرسے سعودی عرب کے لیے پروازیں بحال کرنے کااعلان

امارات کا11 ستمبرسے سعودی عرب کے لیے پروازیں بحال کرنے کااعلان

دبئی،10دبئی (انڈیا نیرٹیو)

دبئی کی ملکیتی فضائی کمپنی الامارات ایئرلائن 11 ستمبر سے سعودی عرب کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرے گی۔اس نے یہ اعلان سعودی عرب کی جانب سے متحدہ عرب امارات پرکووِڈ-19 کے تعلق سے عاید سفری پابندیاں ختم کرنے کے ایک روز بعد کیا ہے۔الامارات ائیرلائنز11 ستمبر سے سعودی عرب کے لیے ہفتہ وار 24 پروازیں چلائے گی۔ان میں دارالحکومت الریاض اور الدمام کے لیے روزانہ پروازیں، جدہ کے لیے روزانہ ائیربس اے 380 کی پروازیں اور مدینہ منورہ کے لیے ہفتہ وار تین پروازیں شامل ہیں۔فضائی کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پرمزید کہا ہے کہ الریاض جانے والی پروازیں 16 ستمبر سے روزانہ بڑھ کر دگنا کردی جائیں گی اورستمبرکے آخرتک دوسرے مقامات کے لیے پروازوں کی تعداد میں اضافے کے منصوبے پرکام جاری ہے۔

سعودی عرب نے منگل کے روزکروناوائرس کی وباکو پھیلنے سے روکنے کے لیے اپنے شہریوں پرعاید سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا اور8 ستمبر سے مملکت اور متحدہ عرب امارات، ارجنٹائن اور جنوبی افریقا کے درمیان پروازوں کی بحالی کی اجازت دے دی تھی۔سعودی وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ مقامی اورعالمی سطح پروبائی مرض کی صورت حال کی مسلسل نگرانی کی بنیاد پرزمینی اور سمندری سرحدوں کے ساتھ ساتھ ہوائی اڈوں پرعاید پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سعودی عرب نے یو اے ای میں گذشتہ چند ماہ میں کروناوائرس کی متعدی ڈیلٹا شکل کے سیکڑوں کیسوں کی تشخیص کے بعد تین جولائی سے اپنے شہریوں کیامارات کے سفرپر عاید پابندی عاید کردی تھی۔الامارات ایئرلائن نے روس کے شہرسینٹ پیٹرزبرگ کے لیے بھی اپنی پروازیں 11 ستمبر سے دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دبئی ایکسپو2020ء کے زائرین کے لیے منفرد پاسپورٹ کا اجرا

کووِڈ-19 کی وَبا نے جہاں بہت سے لوگوں کے سفری منصوبوں کو اتھل پتھل کردیا ہے،وہیں دبئی ایکسپو2020ء کا خصوصی پاسپورٹ زائرین کو اپنی مرضی کے مطابق دنیا بھرکی ایک منفرد سیاحت کی اجازت دے گا اور وہ اس کی بدولت 200 سے زیادہ پویلینز کے دورے کرسکیں گے۔حقیقی پاسپورٹ کی طرح،ایکسپو2020ء کا ہرپاسپورٹ دوسرے سے مختلف ہے اور یہ سیکورٹی کی نمایاں خصوصیات کا حامل ہے،ہرپاسپورٹ کا ایک منفرد نمبر ہے،اس پر پاسپورٹ سائز کی تصویرچسپاں ہوگی، ذاتی تفصیلات کا اندراج ہوگا اور ہر صفحے پر پوشیدہ واٹر مارک میں تصاویروغیرہ شامل ہیں۔

50 صفحات پرمشتمل اس کتابچے میں ایکسپو2020 کے تیم اہم موضوعات (تھیمز) یعنی موقع پویلین کا مشن ممکن، موبیلٹی پویلین کا الف اور پائیداری پویلین ٹیرا کے علاوہ مشہورالوصل پلازا کی تصویر بھی شامل ہے۔پاسپورٹ میں متحدہ عرب امارات کے گولڈن جوبلی سال کے موقع پرایک خصوصی صفحہ مختص کیا گیا ہے۔اس پر سونے کے ورق میں مہر لگی ہوئی ہے۔اس میں ملک کے بانی شیخ زاید بن سلطان آل نہیان کی1971ء کی تصویر ہے۔زائرین دبئی ایئرپورٹ کے ٹرمینل 3 یا آن لائن یا دبئی ایکسپو 2020ء کی جگہ پر تمام اسٹورز سے 20 درہم (5.45 ڈالر) میں پاسپورٹ خرید کرسکتے ہیں۔یکم اکتوبر سے شروع ہونے والی دبئی ایکسپو 2020ء دنیا کا سب سے بڑا ثقافتی اجتماع ہوگی۔اس میں روزانہ 60 سے زیادہ براہ راست تقریبات ہوں گی۔ یہ نمائش مسلسل 182 دن تک جاری رہے گی اور اس میں دنیا کی مختلف رنگا رنگ ثقافتوں کو اجاگر کیا جائے گا۔

Recommended