Urdu News

یو اے ای کاعالمی طاقتوں سے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کے خلاف سخت موقف اپنانے کا مطالبہ

یو اے ای کاعالمی طاقتوں سے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کے خلاف سخت موقف اپنانے کا مطالبہ


یو اے ای کاعالمی طاقتوں سے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کے خلاف سخت موقف اپنانے کا مطالبہ

دبئی،09مارچ(انڈیا نیرٹیو)

متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے علاقے خمیس مشیط کو بارودی ڈرون طیارے کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی مذمت کی ہے۔آج منگل کے روز جاری بیان میں اماراتی وزارت خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ان مکرر واقعات کو روکنے کے لیے فوری طور پر ایک فیصلہ کن موقف اپنائے۔ ان کارروائیوں میں اہم اور شہری تنصیبات کے علاوہ سعودی عرب کے امن و استحکام کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اماراتی سرکاری خبر رساں ایجنسی "وام" کے مطابق بیان میں زور دے کر کہا گیا ہے کہ ان دہشت گرد حملوں کا جاری رہنا ،،، اس بات کا عکاس ہے کہ حوثی ملیشیا عالمی برادری کو کھلے طور پر چیلنج کر رہی ہے اور وہ تمام بین الاقوامی قوانین اور عرف کو بالائے طاق رکھ چکی ہے۔بیان میں امارات کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یک جہتی اور یگانگت کی تجدید کی گئی ہے۔

ساتھ یہ بھی باور کرایا گیا ہے کہ مملکت کو درپیش ہر سیکورٹی خطرے کے سامنے امارات شانہ بشانہ کھڑا ہے۔وزارت خارجہ کے بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ امارات اور سعودی عرب دونوں کا امن و استحکام "جزو لا ینفک" ہے۔ مملکت کو درپیش کسی بھی قسم کا خطرہ امارات کے امن و استحکام کے لیے خطرہ شمار ہو گا۔

اس سے قبل سعودی عرب کے زیر قیادت عرب اتحاد نے منگل کی صبح اعلان کیا تھا کہ مملکت کے جنوب میں خمیس مشیط کی طرف داغے جانے والے ایک بارودی ڈرون طیارے کو مار گرایا گیا۔

واضح رہے کہ ایران نواز حوثی ملیشیا نے گذشتہ چند روز کے دوران میں مملکت میں شہری اور اقتصادی تنصیبات پر حملے تیز کر دیے ہیں۔ان کوششوں پر متعدد عرب اور مغربی ممالک کی جانب سے شدید مذمت سامنے آئی ہے۔

Recommended