Urdu News

یو اے ای:کووِڈ-19 کے ایک دن میں سب سے زیادہ 3966 نئے کیسوں کی تشخیص

UAE- Corona case

دبئی،29جنوری( انڈیا نیرٹیو)

متحدہ عرب امارات میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے 3966 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ملک میں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعداب تک ایک دن میں متاثرہ کیسوں کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔

امارات کی وزارت صحت کے مطابق اب ملک میں کووِڈ-19 کے تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد 293052 ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس کا شکار مزید آٹھ مریض چل بسے ہیں۔ یو اے ای میں اس وائرس سے متاثرہ 819 مریض وفات پا چکے ہیں۔یو اے ای میں گزشتہ چند ہفتے سے کووِڈ-19 کے تین ہزار سے زیادہ نئے کیس یومیہ ریکارڈ کیے جارہے ہیں۔

وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کا شکار مزید 3294 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔اس طرح اب تک اس مہلک وائرس کا شکار 267024 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

قبل ازیں امارت دبئی نے بدھ کو نئی سفری ہدایات جاری کی تھیں۔اب یو اے ای کے مکینوں ، خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے شہریوں اور کسی بھی ملک سے تعلق رکھنے والے سیاحوں اور زائرین کو دبئی شہر میں آمد سے قبل کرونا وائرس کا پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔

دبئی کی حکومت نے حال ہی میں سماجی اجتماعات سے متعلق بھی نئی تحدیدات کا اعلان کیا ہے اور غیر ضروری میڈیکل آپریشن اور سرجریوں کو معطل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نیز ریستورانوں اور جم خانوں کے لیے نئے سخت قواعد وضوابط کا اعلان کیا ہے۔

یو اے ای کی حکومت نے گزشتہ روز کرونا وائرس کے تعلق سے سرکاری ملازمین کے لیے نئی رہ نما ہدایات جاری کی تھیں۔ان کے تحت جن سرکاری ملازمین نے خود کو کووِڈ-19 کی ویکسین نہیں لگوائی اور ان کا اس مہلک وائرس کا شکار کسی فرد سے قریبی رابطہ ہوا ہے تو وہ تنہائی اختیار کرنے کی صوت میں اپنی سالانہ چھٹیاں استعمال کرسکتے ہیں۔

یو اے ای کی وفاقی اتھارٹی برائے سرکاری انسانی وسائل نے اپنے ہدایت نامے میں کہا ہے کہ ”کووِڈ-19 کے مثبت نتائج کے حامل افراد سے قریبی رابطے میں آنے والے سرکاری ملازمین قرنطین کے عرصے میں گھروں سے بھی کام کرسکتے ہیں۔

Recommended