Urdu News

یوکرین نے بحیرہ اسود کا جزیرہ روس سے خالی کرا یا، امریکا سے 80 کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان

یوکرین نے بحیرہ اسود کا جزیرہ روس سے خالی کرا یا

کیف، یکم جولائی (انڈیا نیرٹیو)

یوکرین پر روسی حملے کے ساڑھے تین ماہ گزرنے کے بعد بھی دونوں طرف سے گھمسان تھمنے کا نام نہیں لے رہاہے۔ مسلسل حملے کر کے یوکرین نے روسی فوج سے  بحیرہ اسود میں واقع اسنیک آئی لینڈ کو  خالی کرا لیا ہے۔ اس دوران  امریکہ نے یوکرین کو 80 کروڑ ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کیا ہے۔

بحیرہ اسود میں اسنیک جزائر پر روسی افواج کے قبضے کی وجہ سے یوکرین کو بندرگاہوں سے ہونے والی برآمدات پر روکاوٹوں کا سامنا تھا۔ یوکرین کی فوج بحیرہ اسود میں اپنے جنگی جہازوں اور بحری اڈوں سے روسی افواج پر مسلسل حملے کر رہی تھی۔ مسلسل حملوں سے پریشان روسی فوج نے بحیرہ اسود میں واقع اسنیک آئی لینڈ کو خالی کردیا ہے۔ اس سے یوکرین کی بندرگاہ سے ہونے والی برآمدات پر روسی رخنہ اندازی ختم ہو سکے  گی۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی کے چیف آف اسٹاف آندرے ایرمک نے ٹویٹ کر دعویٰ کیا کہ روسی فوج کو توپ خانے اور میزائل حملوں کے نتیجے میں بحیرہ اسود سے بھاگنا پڑا۔ تاہم روس کی وزارت خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین میں انسانی امداد کے پروگرام میں رکاوٹ نہ آنے دینے کے لییروس نے  جزیرے سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔

ادھر یوکرین کی مدد کا عمل ایک بار پھر تیز ہو گیا ہے۔ امریکہ نے یوکرین کی فوج کو جدید بنانے کے لیے نیٹو کی رضامندی پر یوکرین کو 80 کروڑ ڈالر کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ رقم امریکہ کی جانب سے اب تک جاری کی گئی مدد کے علاوہ اضافی فوجی امداد کی صورت میں ہوگی۔ اس رقم سے یوکرین کی فوج کو جدید بنانے کے ساتھ ساتھ ضرورت کے مطابق نئے ہتھیار خریدے جائیں گے۔ برطانیہ نے روسی اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے اور نیٹو مشن کو مضبوط کرنے کے لیے فوجی ماہرین بوسنیا۔ہرزیگوینا بھیجنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

Recommended