Urdu News

یوکرین پر روسی فضائی حملے میں چار ہلاک، ایک تہائی پاور اسٹیشن تباہ

روس کی طرف سے یوکرین کی راجدھانی کیف پر مسلسل حملہ جاری

کیف، 19 اکتوبر (انڈیا نیرٹیو)

روس نے منگل کو یوکرین کے کئی شہروں پر فضائی حملے بھی کیے۔ کیف میں ایک پاور پلانٹ پر میزائل حملے میں تین اور میکولئیو میں ایک ہلاک ہوا۔روس کے میزائل حملوں سے کیف سمیت کئی شہروں میں بجلی کی سپلائی متاثر ہوگئی۔

یوکرین کے صدر زیلنسکی نے روس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ سرد موسم شروع ہونے سے پہلے انفراسٹرکچر پر حملہ کرکے یوکرین کو اندھیروں میں ڈال کر امن مذاکرات کو ناممکن بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

زیلنسکی نے کہا کہ گزشتہ ہفتے روسی حملے میں یوکرین کے ایک تہائی پاور اسٹیشن تباہ ہوگئے، جس سے ملک بھر میں بجلی کا بحران پیدا ہو گیا ہے۔ حملے کے باعث پانی کی سپلائی بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔

کیف کے میئر وٹالی کلسچکو نے کہا کہ دو بنیادی ڈھانچوں کو نشانہ بنایا گیا۔ جس سے کافی نقصان ہوا ہے۔ اسی دوران یوکرین کے صدر کے ایک معاون کریلو ٹائیموشینکو نے کہا کہ دو راکٹ حملوں سے جنوب مشرقی شہر نیپرو میں بھاری نقصان ہوا ہے۔

اسی طرح ایک میزائل جنوبی یوکرین کے میکولئیو میں ایک اپارٹمنٹ پر گرا جس سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ روسی سرحد سے متصل خارکیو میں بھی پاور پلانٹس کو نشانہ بنایا گیا۔

صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ دہشت گردی اور فضائی حملوں سے شہریوں کو ہلاک کر رہا ہے۔ اس سے ایک روز قبل پیر کو کیف اور دیگر شہروں میں ڈرون حملوں میں کم از کم چار افراد مارے گئے تھے۔

زیلنسکی نے ٹیلی گرام میسجنگ ایپ پر لکھا کہ یوکرین حملہ آوروں کے حملے کا شکار ہے۔ وہ مسلسل وہ کر رہے ہیں جو وہ کر سکتے ہیں، شہریوں کو دہشت زدہ اور قتل کر رہے ہیں۔

Recommended