Urdu News

یوکرینی مسافر جہاز مار گرانے والے ایرانی سزا سے نہیں بچ پائیں گے: بورس جانسن

یوکرینی مسافر جہازحادثہ

یوکرینی مسافر جہاز مار گرانے والے ایرانی سزا سے نہیں بچ پائیں گے: بورس جانسن

لندن،25جون(انڈیا نیرٹیو)

برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ جنوری 2020میں ایران کے دارالحکومت تہران میں ایک میزائل حملے میں مار گرائے جانےوالے یوکرین کے مسافر جہاز کے ذمہ داروں کو اپنے کیے کی سزا بھگتنا ہوگی۔ ان کا کہنا ہے کہ یوکرین کے ہوائی جہاز کو مار گرانے والے ایرانی کسی صورت میں سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔بورس جانسن کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری طرف کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ یوکرین کے مسافر جہاز کو مار گرانے کا حکم ایران کے اعلیٰ حکام کی طرف سے دیا گیا۔ ایران چھوٹے اہلکاروں پر اس کا الزام عاید کرکےاصل قصور واروں کو نہیں بچا سکتا۔جسٹن ٹروڈو نے یہ بیان اس وقت دیا جب کینیڈا نے اس حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کی ہے۔

برطانوی وزیرراعظم بورس جانسن نے ٹویٹر پر پوسٹ متعدد ٹویٹس میں اپنے کینیڈین ہم منصب کے اس بیان کی تائید کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ یوکرین کے ہوائی جہاز کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ ایک المیہ تھا اور اس کی ذمہ داری ایران کے اعلیٰ حکام پرعاید ہوتی ہے۔ اس حادثے میں یوکرین کے مسافر جہازPS752 میں سوار 176 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران کو اس سانحے کی ذمہ داری اٹھانا ہوگی۔ انہوں نے ہلاک ہونے والے تمام افراد کو انصاف فراہم کرنے اور اس حوالے سے دوسرے ممالک کے ساتھ مل کرکام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

قبل ازیں جسٹن ٹروڈو نے کہا تھا کہ یوکرینی ہوائی جہاز مار گرانے کی ذمہ داری ایران کے نچلے درجے کے اہلکاروں اور حکام پر عاید نہیں کی جانی چاہیے۔ یہ کارروائی اعلیٰ سطح سے احکامات ملنے کے بعد انجام دی گئی۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ یوکرینی ہوائی جہاز مار گرانے والے ایرانی عہدیداروں کوقرار واقعی سزا دلوانے کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرے اور انہیں سزا سے فرار نہ ہونے دے۔

انہوں نے رپورٹ کے حوالے سے حادثے کا شکار ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو بھیجے مکتوب میں کہا ہے کہ کینیڈا کے پاس طیار گرانے والے عہدیداروں کے خلاف بین الاقوامی عدالت انصاف سے رجوع کرنے اور ایرانی عہدیداروں پر پابندیاں عاید کرنے سمیت کئی آپشن موجود ہیں۔

Recommended