علما تکفیر سمیت 25 جدید مسائل کے اجتہاد پر زور دیں: شیخ الازہر
قاہرہ،03مئی (انڈیا نیرٹیو)
مصر کی قدیم اور سب سے بڑی دینی درس گاہ جامعہ الازھر کے سربراہ ڈاکٹر احمد الطیب نے کبار علما کونسل پر 25 نئے اہم معاصر مسائل سے متعلق اجتہاد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ایک بیان میں شیخ الازھر نے کہا کہ انہوں نے کبار علما کو تجویز پیش کی ہے کہ وہ مسلم امہ کو درپیش 25 اہم اور جدید نوعیت کے مسائل جن میں تکفیر کا مسئلہ بھی شامل پر قرآن وسنت کی روشنی میں اجتہاد کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ علما کو تجویز پیش کی گئی ہے کہ وہ تکفیر، موجودہ دور میں ہجرت کی دینی حیثیت، دارالسلام کے موجودہ تصور، شدت پسند اور مسلح گروپوں میں شمولیت، تکفیر، سماج سے بغاوت، نفرت پھیلانے اور قتل اور دھماکوں کے ذریعے شہریوں کا خون بہانے اور اسے حلال سمجھنے کے تصورات پر اجتہاد کرکے مسلم امہ کی رہ نمائی کریں۔
شیخ الازھر نے کبار علما پر زور دیا کہ وہ سیاست، جمہوریت، انسانی حقوق، شہری آزادیوں کی حدود، دستوری مساوات، قانونی مساوات، پارلیمنٹ اور دستور کی شرعی حیثیت، بنکوں کے ساتھ لین دین، خواتین کے مسائل، خواتین کی بہ طور جج تعیناتی، ولایت عامہ کی ذمہ داری سونپے، خواتین کے یونیفارم، نقاب، میراث، پسند کی شادی جیسے امور پر اجتہاد کر کے اپنی رائے دیں تاکہ ان امور پر مسلمانوں میں پائے جانے والے تذبذب کو ختم کیا جا سکے۔
انہوں نے انسانی اعضا کی پیوند کاری، اعضا عطیہ کرنے، غیر مسلموں کے تیوہاروں پر انہیں مبارک پیش کرنے، حج، جدہ سے فضائی سفر کے دوران حرام باندھنے، تمام اوقات میں رمی جمرات، سستی اور کاہلی کو حرام قرار دینے جیسے مسائل پر قرآن وسنت کی روشنی میں عوام الناس کی رہنمائی فرمائیں۔