Urdu News

امریکی صدر نے اپنے چینی ہم منصب کو’ڈکٹیٹر‘قرار دیا،چین کا بھی آیا ردعمل سامنے

امریکی اور چینی صدور

واشنگٹن،21جون(انڈیا نیرٹیو)

دو روز قبل امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن کے دورہ چین کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن نے آج بدھ کو اپنے چینی منصب شی جن پنگ کو’آمر‘ قرار دیا۔بائیڈن نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ وہ اگلے چند مہینوں میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملنے کی امید رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ چین کے رہ نما فروری میں امریکا کی طرف سے مار گرائے جانے والے مبینہ جاسوس غبارے کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ نہیں تھے۔بائیڈن کا چینی صدر سے متعلق متنازع بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں امریکی وزیر خارجہ بلینکن نے بیجنگ کا دورہ کیا تھا۔

بلنکن دْنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان تناؤ کو کم کرنے اور براہ راست تصادم سے بچنے کی کوشش میں سینیر چینی حکام سے ملاقات کے لیے گئے تھے۔ بلنکن کو بہت پہلے چین کا دورہ کرنا تھا تاہم امریکی فضا میں مبینہ چینی جاسوس غبارے کے واقعے نیان کے دورے کو موخر کر دیا تھا۔

دوسری جانب امریکا کے صدر جوبائیڈن کی جانب سے چینی صدر شی جن پنگ کو ڈکٹیٹر قرار دینے پر اب چین کی وزارتِ خارجہ نے ردعمل دیا ہے۔چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کے بیان کی سخت مخالفت کرتے ہیں، امریکا کے ریمارکس انتہائی مضحکہ خیز اور غیر ذمہ دارانہ ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کا بیان بنیادی حقائق، سفارتی پروٹوکول اور چین کے سیاسی وقار کی سنگین خلاف ورزی ہے۔چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چینی صدر کو ڈکٹیٹر قرار دینا چین کے سیاسی وقار کی سنگین خلاف ورزی ہے اور کھلی سیاسی اشتعال انگیزی ہے۔

Recommended