Urdu News

امریکہ: کیلیفورنیا کے گرودوارے میں فائرنگ، دو افراد شدید زخمی

امریکہ: کیلیفورنیا کے گرودوارے میں فائرنگ

واشنگٹن، 27 مارچ ( انڈیا نیرٹیو)

 امریکی ریاست کیلیفورنیا میں واقع گرودوارے میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کی اطلاع سامنے آئی ہے۔ گولی لگنے سے دو افراد شدید زخمی ہیں جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

معلومات کے مطابق، امریکی ریاست کیلیفورنیا کے سیکرامنٹو کاؤنٹی کے ایک گرودوارے میں نگر کیرتن کا اہتمام کیا جا رہا تھا۔ اس دوران ہزاروں کی تعداد میں لوگ گرودوارے میں جمع ہوئے۔ دن بھر مختلف پروگراموں کے بعد رات گئے وہاں جمع ہونے والے کچھ لوگوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔ جھگڑا فائرنگ کے تبادلے میں بدل گیا، جس میں دو افراد کو گولی مار دی گئی۔ فائرنگ سے زخمی ہونے والے دونوں افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

سیکرامنٹو کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے اطلاع دی ہے کہ فائرنگ تین جاننے والوں کے درمیان ہوئی۔ پولیس اسے نفرت انگیز جرم کے طور پر نہیں دیکھ رہی ہے۔ تاہم معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔

سیکرامنٹو کاؤنٹی کے شیرف کے ترجمان امر گاندھی نے کہا کہ اس واقعہ کا تعلق نفرت انگیز جرم سے نہیں ہے کیونکہ فائرنگ میں ملوث تینوں افراد ایک دوسرے کو جانتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے دولوگوں کے درمیان کسی بات پر ہاتھا پائی ہوئی ۔ اس کے بعد ایک مشتبہ شخص نے اپنی بندوق نکالی اور لڑائی میں شامل دوسرے شخص کے دوست کو گولی مار دی۔ اس کے بعد جس شخص کو گولی نہیں لگی تھی، اس نے بندوق نکال کر  پہلے شوٹر پر فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہو گیا۔ مفرور ملزم کی عمر 20 سے 30 سال کے درمیان ہے۔ اس کی تلاش جاری ہے۔

Recommended